مرکز ی اور ریاستی حکومت کسانوں کو نظر انداز کر رہی ہے: کانگریس

کانگریس رہنما ویرندر سنگھ راٹھور اور ریاستی کانگریس کے کارگذار صدر سمیر کمار سنگھ نے الزام عائد کیاکہ کسانوں سے دھان اور گیہوں خرید نے میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں پوری طرح ناکام رہی ہیں۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

اورنگ آباد: بہار ریاستی کانگریس نے مرکزی اور ریاستی حکومت پر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار کے انچارج ویرندر سنگھ راٹھور اور ریاستی کانگریس کے کارگذار صدر سمیر کمار سنگھ نے آج یہاں پریس کانفرنس میں الزام عائد کیاکہ کسانوں سے دھان اور گیہوں خرید نے میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں پوری طرح ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ذریعہ اناج نہ خریدے جانے سے کسانوں کو اپنی پیداوار ’اونے پونے داموں‘ پر فروخت کرنی پڑرہی ہے۔

راٹھور نے کہاکہ رواں خریف موسم میں کسانوں سے دھان خریدنے کا انتظام کیا گیاہے وہ پوری طرح سے ناکافی ہے اور اس کے توسط سے کسانوں کی پیداوار کا دس فیصد دھان بھی سرکاری کم ازکم امدادی قیمت پر نہیں خریدی جاسکے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں دھان کی ممکنہ پیداوار 7 لاکھ 58 ہزار میٹرک ٹن ہے اور اس کے برخلاف صر ف 60 ہزار میٹرک ٹن دھان کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہاکہ حکومت کے ذریعہ کم دھان خریداری کی وجہ سے کسانوں کو سات لاکھ میٹرک ٹن دھان بہت ہی کم قیمت پر بیچولیوں کے ہاتھوں بیچنا پڑے گا۔ انہوں نے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کے ذریعہ کسانوں سے سبھی دھان کی خریداری کے اعلان کو پوری طرح جملے بازی بتایا اور کہاکہ ایسی باتیں کسانوں کو گمراہ کرنے والی ہیں۔

راٹھور نے الزم عائد کیا کہ بہار میں دھان کی خریداری کا کام شروع ہوئے قریب اکیس دن گذر چکے ہیں اس کے باوجود ابھی تک صرف ڈیڑھ سو کوئنٹل دھان کی خریداری ہو پائی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایاکہ گذشتہ ربیع موسم میں پوری ریاست میں ایک دانہ بھی گیہوں کی خریداری نہیں کی گئی اور یہ سرکاری ریکارڈ میں بھی درج ہے۔

کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ اگر بہار کے کسانوں سے دھان کی صد ۔ فیصد خریداری نہیں کی گئی تو ریاستی کانگریس کی جانب سے کسانوں کی حمایت میں بلاک ، ضلع اور ریاستی سطح پر پرزور تحریک شروع جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو ورغلانے اور نظر انداز کرنے والی مرکز اور ریاست کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت کو آئندہ لوک سبھا انتخاب میں خمیازہ بھگتنا پڑے گا اور ان کے لیڈران اور کارکنان کو کسان اپنے گاﺅں میں داخل تک نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر کانگریس کے ممبر اسمبلی آنند شنکر اور راجیش رام نے الزام لگایا کہ بہار اسمبلی میں بار بار سوال اٹھانے کے باوجود اورنگ آباد کی اتر کوئل نہر منصوبہ اور ہریاہی آبپاشی منصوبہ کو اب تک پورا نہیں کیاجاسکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان غیر معمولی منصوبوں کے پورا نہ ہونے سے اورنگ آباد کے زیادہ تر گاﺅں آج بھی آبپاشی کی سہولیات سے محروم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Dec 2018, 10:09 PM