مودی-کیجریوال کی حکمرانی میں دہلی ’ریپ کیپٹل‘ بن گئی، روزانہ ہو رہی 6 عصمت دری!

کانگریس لیڈر الکا لامبا نے دہلی میں بڑھتے عصمت دری کے معاملوں پر دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے جواب طلب کیا ہے۔

کانگریس لیڈر الکا لامبا
کانگریس لیڈر الکا لامبا
user

قومی آوازبیورو

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی دفتر راجیو بھون میں منعقد ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی الکا لامبا نے آج مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت کو راجدھانی میں لگاتار پیش آ رہے عصمت دری کے واقعات کو لے کر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’راجدھانی میں روزانہ اوسطاً 6 عصمت دری کے واقعات ہو رہے ہیں اور اس سے بے پروا دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنے روحانی سکون کے لیے دہلی سے باہر ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’بیشتر نابالغ دلت لڑکیوں کے ساتھ لگاتار ہو رہے جنسی استحصال اور عصمت دری کے واقعات پر مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت انتہائی غیر حساس ثابت ہوئی ہے۔‘‘

پریس کانفرنس کے دوران لڑکیوں کے جنسی استحصال پر انتہائی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ’’یہ کیسی کیجریوال حکومت ہے جہاں 4 سال کی بچی کی باپا نگر میں عصمت دری کی جاتی ہے۔ مرکزی اور دہلی حکومت خواتین کی سیکورٹی کی دہائی دیتی ہے، لیکن دہلی میں جرائم پر لگام لگانے کے تعلق سے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’دہلی خواتین کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال دہلی میں بڑھتے عصمت دری کے واقعات کے معاملوں پر وزیر اعلیٰ سے جواب کیوں طلب نہیں کرتی ہیں؟ سواتی مالیوال اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے فوراً اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں۔‘‘


الکا لامبا نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں بڑھتے جرائم کے واقعات پر روک لگا کر نظامِ قانون میں بہتری لانے کے لیے دہلی کے وزیر اعلیٰ کو پولیس کمشنر، لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر داخلہ کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابات میں خواتین کی سیکورٹی پر بڑے بڑے وعدے کرنے والی بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دراصل خواتین کے حقوق اور سیکورٹی دینے کے حق میں نہیں ہے اور دہلی میں عصمت دری کے واقعات پر کیجریوال کی خاموشی ان کی شخصیت پر سوالیہ نشان لگاتی ہے۔

الکا لامبا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ غریب، مزدور، دلت طبقہ کی چھوٹی عمر کی نابالغ بچیوں کے ساتھ دن دہاڑے عصمت دری کر کے ان کا قتل کر دیا جاتا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ دلت، غرب، مزدور طبقہ کے چھوٹے بچوں کے لیے دہلی حکومت کریچ بنائے تاکہ دہلی میں بڑھتے عصمت دری کے واقعات اور جنسی استحصال کے معاملوں میں کمی لائی جا سکے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کیجریوال دہلی میں خواتین کے ساتھ ہو رہے جرائم پر لگام لگانا چاہتے ہیں تو فوری اثر سے وارڈ سطح پر کریچ بنوائے جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔