یوپی انتخاب میں اب ’یوکرین-روس‘ جنگ کے نام پر ووٹ مانگ رہے پی ایم مودی

یوکرین اور روس کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کے آثار سے دنیا کے بیشتر ممالک پریشان ہیں، ایسے ماحول میں پی ایم مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان کو مضبوط بنانے کے لیے بی جے پی کو ووٹ دیں۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں یوکرین-روس کشیدگی کی انٹری کرا دی ہے۔ انھوں نے بہرائچ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس وقت دنیا میں کتنی اتھل پتھل مچی ہوئی ہے۔ ایسے میں آج ہندوستان کا طاقتور ہونا پوری انسانیت کے لیے بہت ضروری ہے۔ آپ کا ایک ایک ووٹ ہندوستان کو طاقتور بنائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آپ کے علاقے کا داروغہ بھی ڈھیلا ڈھالا پسند آتا ہے کیا؟ تو بھائیو-بہنوں اتنا بڑا ملک، اتنی بڑی ریاست، تو ذمہ داری بھی مضبوط کندھوں پر ہونی چاہیے۔‘‘

اس کے بعد پی ایم مودی نے وزیر اعلیٰ یوگی اور اپنی حکومت کی حصولیابیاں سامنے رکھنے کی جگہ سماجوادی پارٹی اور کانگریس پر حملہ شروع کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے 2014 سے لے کر 2017 تک ان کنبہ پروروں کو، ان کے طریقہ کار کو، ان کے کاروبار و کارناموں کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ افسوس ہوتا ہے جب اپنے مفاد کے لیے کنبہ پروروں کی حکومتیں عوام کے مفاد کو ہی کنارہ کر دیتی ہیں۔ سال 2017 سے پہلے بستی، گونڈا، بہرائچ اور بلرام پور کے لوگوں نے بھی بہت تفریق برداشت کی۔‘‘


اُدھر پرتاپ گڑھ کی ریلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کرکٹ کا سہارا لے کر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اکھلیش یادو اچھے گیندباز نہیں ہیں۔ اگر گیندباز فل ٹاس گیند ڈال دے تو بلے باز کو چوکا لگانا چاہیے یا نہیں لگانا چاہیے۔ آپ نے 2014، 2017، 2019 میں بی جے پی کو جتایا، اب 2022 میں جتا کر باؤنڈری لگانے کا کام کرو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔