پلوامہ میں تصادم کے دوران دو مقامی ملی ٹنٹوں کی خود سپردگی

آئی جی پی نے کہا کہ ملی ٹنٹوں کو زندہ پکڑنے یا خود سپردگی کرنے پر آمادہ کرنے سے کافی معلومات ملتی ہیں۔ اس کے بعد دوسرے ملی ٹنٹ بھی خود سپردگی اختیار کرنے پر راضی ہو جاتے ہیں۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے للہار میں ایک مسلح تصادم کے دوران حزب المجاہدین کے دو مقامی ملی ٹنٹوں نے سکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ خود سپردگی اختیار کرنے والے ملی ٹنٹوں میں سے ایک زخمی ہے جسے علاج و معالجہ کے لئے استال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ہفتے کی صبح ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'للہار انکوائنٹر اپڈیٹ: دونوں دہشت گردوں نے دو اے کے 47 رائفلز سمیت سینئر پولیس و سیکورٹی افسران کے سامنے خود سپردگی اختیار کی ہے۔ ایک دہشت گرد، جو زخمی ہوا تھا، کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے'۔

قبل ازیں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کے تحت مقامی ملی ٹنٹوں کو خود سپردگی اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم نے اس نئے سال میں ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ وہ طریقہ کار یہ ہے کہ ہمارا پورا فوکس اور کوشش یہ ہوگی کہ ملی ٹنٹ خود سپردگی اختیار کریں۔ ہم نے کل ہی بانڈی پورہ میں ایک مقامی ملی ٹنٹ کو خود سپردگی اختیار کرنے کا پورا موقع دیا'۔


آئی جی پی نے کہا کہ ملی ٹنٹوں کو زندہ پکڑنے یا خود سپردگی کرنے پر آمادہ کرنے سے کافی معلومات ملتی ہیں۔ اس کے بعد دوسرے ملی ٹنٹ بھی خود سپردگی اختیار کرنے پر راضی ہو جاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'وہ لڑکے جنہوں نے حال ہی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے ہم پوری کوشش کریں گے کہ وہ خود سپردگی اختیار کریں۔ ہم ان کے والدین سے بھی مدد لیں گے۔ جہاں بھی ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ محاصرے میں پھنسنے والے ملی ٹنٹ کون ہیں ہم فوراً ان کے والدین کو بلاتے ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔