وندے بھارت ٹرین پر لگاتار دو دن پتھراؤ، ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیاست تیز

ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس یا کسی ٹرین پر اس طرح پتھراؤٔ نہیں کیا جانا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>وندے بھارت ٹرین، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

وندے بھارت ٹرین، تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

کلکتہ: وندے بھارت ایکسپریس گزشتہ دو دنوں میں دو مرتبہ پتھراؤ کے بعد بنگال میں سیاست تیز ہوگئی ہے۔ پہلے مالدہ اور منگل کو جلپائی گوڑی میں وندے بھارت ایکسرپس پر پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر دلیپ گھوش نے اس واقعے کو جے شری رام کے نعرے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ کہیں یہ جے شری رام کے نعرے لگانے کا بدلہ تو نہیں ہے۔ کشمیر میں بھی محب وطن شہریوں پر پتھراؤ کئے جاتے ہیں۔

دلیپ گھوش نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کا اسٹیشن پر لوگوں نے خیرمقدم کیا، لوگوں میں جوش و خرو ش تھا مگر لگتا ہے کہ یہ مناظر دیکھ کر ممتا بنرجی کو دکھ ہوا ہے۔ لوگوں کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہتی ہیں۔ اس لئے پتھراؤ کیا جارہا ہے۔ گھوش نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ریاست کے لوگوں کی بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، ہم نے یہ سیمی بلٹ ٹرین بنائی ہے۔ کیا یہ ٹرین ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا نہیں کرے گی۔ کیا ہم دیگر ریاستوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے بنگال کی بدنامی ہوئی ہے۔ بنگال حکومت کو اس پر ایکشن لینا چاہیے۔


مالدہ میں پتھراؤ کے بعد ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے۔ مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں ملک کا فخر بھارت ایکسپریس پر پتھراؤٔ کیا گیا۔ کیا یہ افتتاح کے دن جئے شری رام کے نعروں کا بدلہ تو نہیں ہے؟ میری وزیر اعظم اور وزیر ریلوے سے درخواست ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری این آئی اے کو دی جائے تاکہ مجرموں کو پکڑ کر سزا دی جا سکے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سوکانتا مجمدار نے بھی شوبھندو کے لہجے میں یہی شکایت کی۔

دوسری جانب ترنمول کانگریس نے بی جے پی پر سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس یا کسی ٹرین پر اس طرح پتھراؤٔ نہیں کیا جانا چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ یہ کس نے کیا؟ جو لوگ صبح سے ہی این آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہیں یہ ان کی سازش تو نہیں ہے تاکہ بنگال حکومت کو بدنام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اترپردیش میں بھی ہوچکے ہیں۔ تین مرتبہ اترپردیش میں ٹرین پر حملہ ہوچکا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ اس طرح کے واقعات کہیں بھی نہیں ہونے چاہیے۔ ٹرینیں غصہ دکھانے کی جگہ نہیں ہیں۔ اس طرح کے واقعات کہیں بھی گنجائش نہیں ہے۔ پولیس انتظامیہ اس کی جانچ کر رہی ہے۔


منگل کی دوپہر نیو جلپائی گوڑی اسٹیشن کے داخلی دروازے پر وندے بھارت ایکسپریس سے اینٹوں کے ٹکرے سے پتھراؤ کیا گیا اس میں C-3 و C-6 کے کوچ کو نقصان پہنچا ہے۔ کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا ہے۔ اس واقعہ سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ 30 دسمبر کو ہوڑہ میں بندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کے دن، کچھ بی جے پی ممبران اسمبلی نے ممتا بنرجی کو دیکھ کر جے سری رام کے نعرے لگائے تھے۔ احتجاج میں، ممتا تقریب میں مرکزی سٹیج پر نہیں گئیں۔ اسی وجہ سے پتھراؤ کے واقعے کو اس سے جوڑا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔