ٹرمپ کے جنگ بندی کے دعوے پر کانگریس کا شدید ردعمل، مودی کی خاموشی پر سوال
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ ہندوستان-پاکستان جنگ بندی میں ان کا کردار تھا۔ کانگریس نے اس معاملہ پر مودی اور وزیر خارجہ کی مسلسل خاموشی کو تشویشناک قرار دیا ہے

ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)، تصویر یو این آئی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ان کی مداخلت سے ممکن ہوئی، کانگریس نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلسل خاموشی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش اور ترجمان پون کھیڑا نے کہا ہے کہ ٹرمپ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کو رکوانے کے لیے ہندوستان پر تجارتی دباؤ ڈالا لیکن وزیر اعظم نے اب تک ایک بار بھی ان دعوؤں کی تردید نہیں کی۔ کانگریس نے کہا کہ اگر ٹرمپ کی باتیں درست نہیں تو حکومتِ ہند کیوں خاموش ہے اور اگر درست ہیں تو عوام کو سچائی کیوں نہیں بتائی جا رہی؟
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا، ’’یہ گیارہ دنوں میں آٹھویں بار ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے نہ صرف جنگ بندی کا پورا کریڈٹ خود لیا بلکہ ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کو برابر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں کو قائل کیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تجارتی دباؤ ان کا اصل ہتھیار تھا لیکن ہمارے وزیر اعظم، جو ٹرمپ کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، اب تک ان بیانات پر مکمل خاموش ہیں۔‘‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، حالانکہ امریکی وزیر خارجہ نے بھی ان دعوؤں کی تائید میں بات کی اور ہندوستان-پاکستان مذاکرات کے لیے ’نیوٹرل سائٹ‘ کا حوالہ دیا۔ آخر یہ گونگی خاموشی کیوں ہے؟‘‘
دریں اثنا، کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’یہ آٹھویں بار ہے جب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ رکوا دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان پر تجارتی دباؤ ڈال کر یہ ممکن بنایا گیا۔ لیکن وزیر اعظم مودی نے ایک بار بھی اس دعوے کو مسترد نہیں کیا۔ آخر یہ خاموشی کس بات کا اشارہ ہے؟"
ٹرمپ کے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا، ’’اگر آپ دیکھیں کہ ہم نے ابھی پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ کیا کیا، تو ہم نے اس معاملے کو سلجھا دیا اور میرے خیال میں یہ سب میں نے تجارت کے ذریعے کیا۔ ہم ہندوستان کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ بھی۔ کوئی نہ کوئی آخری گولی چلانے والا ہوتا ہے لیکن فائرنگ بڑھتی ہی جا رہی تھی۔ پاکستان میں بہترین لوگ ہیں اور بہت اچھے رہنما ہیں اور ہندوستان میرا دوست ہے۔‘‘
کانگریس نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ٹرمپ کی یہ باتیں بے بنیاد ہیں تو حکومتِ ہند فوری وضاحت کیوں نہیں دیتی؟ اور اگر ان میں سچائی ہے تو پھر عوام کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا جا رہا؟ پارٹی کا کہنا ہے کہ خارجہ پالیسی جیسے حساس معاملات پر وزیر اعظم کی خاموشی صرف حیران کن نہیں بلکہ تشویشناک بھی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔