رام پور میں ٹرین پر گرا ٹرک، دہلی-لکھنؤ ریلوے لائن پر ٹریفک متاثر

اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور پون کمار (30) ساکن بدایون موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کلینر دھرمیندر یادو (18) اور جوگیندر یادو (20) زخمی ہوگئے۔

ریل حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
ریل حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

رام پور: دہلی- لکھنؤ ریلوے سیکشن پر رام پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک منگل کے روز ٹرین کے اوپر ایک ٹرک کے گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد دہلی-لکھنؤ ریل روٹ کو صبح 4 بجے سے صبح 9 بجے تک جزوی طور پر بلاک کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ سول لائنز علاقے میں زیرو پوائنٹ سے پہلے اوور برج سے علی الصبح 3 بجے چنڈی گڑھ ایکسپریس ٹرین کے انجن پر دودھ سے بھرا ٹرک گر گیا۔ اس حادثے میں ٹرک اور انجن کو نقصان پہنچا۔ اس دوران ٹرک میں سوار دو کلینر شدید زخمی ہوگئے۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم ٹرین میں سوار کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ اس حادثہ کی وجہ سے صبح 4 بجے سے صبح 9 بجے تک ٹریک پر ٹریفک متاثر رہی۔ اس دوران ریلوے ملازمین نے احتیاط کے ساتھ ٹرینوں کو پاس کیا۔


انہوں نے بتایا کہ رات تقریباً 3.50 بجے گجرولا سے رام پور کی طرف آنے والا ٹرک مدر ڈیری کے دودھ کے پیکٹ لے کر بے قابو ہو کر کوسی پل کے نزدیک اوور برج پر ریلوے ٹریک پر جا گرا جو اس وقت مراد آباد سے لکھنؤ جا نے والی چنڈی گڑھ ایکسپریس ٹرین نمبر 12231 کے انجن سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے باعث ڈاؤن لائن کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی لائن کو نقصان پہنچا۔

اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور پون کمار (30) ساکن بدایون موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کلینر دھرمیندر یادو (18) اور جوگیندر یادو (20) زخمی ہوگئے۔ پولیس نے زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کی اپ لائن شروع کر دی گئی ہے جبکہ ڈاؤن لائن کے بجلی کی تار خراب ہونے کی وجہ سے ریلوے ملازمین کی جانب سے مرمت کا کام کیا جا رہا ہے۔ آر پی ایف، جی آر پی، پولیس موقع پر موجود ہے۔ اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ محمد اعظم نے بتایا کہ اپ لائن کو آپریشنل کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈاؤن لائن تاحال متاثر ہے۔ حادثے کے سبب تقریباً 10 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ ٹریک کو جلد صاف کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔