ٹی آر پی گھوٹالہ: عدالت نے 4 ملزمین کو 13 اکتوبر تک پولس حراست میں بھیجا

جن ملزمین کو پولس حراست میں بھیجا گیا ہے ان کے نام وشال بھنڈاری، بومپیلی راؤ مستری، شریس ستیش پٹن شیٹی اور نارائن شرما ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

جس ٹی آر پی گھوٹالہ میں 'ریپبلک نیوز' سمیت تین ٹی وی چینلوں کا نام سامنے آیا ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید کچھ ٹی وی چینل اس معاملے میں پھنس سکتے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اس تعلق سے 4 ملزمین کی گرفتاری ہوئی تھی جنھیں جمعہ کے روز ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ان چاروں ملزمین کو عدالت نے 13 اکتوبر تک پولس حراست میں بھیج دیا ہے۔ پولس ان سبھی سے اب پوچھ تاچھ کرے گی اور یہ جاننے کی کوشش کرے گی کہ کیا اس گھوٹالہ میں مزید کون ٹی وی چینلز شامل ہیں۔ ان سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لینے کے ساتھ ساتھ ٹی آر پی گروہ سے جڑے دیگر ملزمین کی جانکاری بھی اکٹھا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

جن ملزمین کو پولس حراست میں بھیجا گیا ہے ان کے نام وشال بھنڈاری، بومپیلی راؤ مستری، شریس ستیش پٹن شیٹی اور نارائن شرما ہیں۔ ممبئی کرائم برانچ کے ذریعہ داخل ریمانڈ کاپی کے مطابق ونے ترپاٹھی نامی شخص نے وشال بھنڈاری نام کے شخص کو 5 گھروں میں 'انڈیا ٹوڈے' چینل کو کم سے کم 2 گھنٹے دیکھا جائے، اس لیے فی گھر میں 200 روپے مہینہ دیا گیا، جب کہ وشال کو 5000 روپے کمیشن دیا گیا۔ وشال بھنڈاری نے تیجل سولنکی نام کی خاتو سے ملاقات کی اور 2 گھنٹے دن میں 'انڈیا ٹوڈے' دیکھنے کو کہا۔


وشال بھنڈاری کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ نومبر 2019 سے مئی 2020 تک ہنسا کمپنی سے جڑا تھا اور اپنے عہدہ کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی کام کرنے لگا۔ ریمانڈ کاپی کے مطابق ملزم وشال بھنڈاری نے پوچھ تاچھ میں یہ قبول کیا کہ وہ بومپیلی راؤ مستری کے لیے کام کرتا ہے اور اس سے 20 ہزار روپے لیتا ہے۔ اس کے عوض میں 10-8 گھروں میں جہاں بیرومیٹر لگا ہو وہاں جا کر 'فقط مراٹھی' اور 'باکس سنیما' دیکھنے کو کہتا تھا جس کے بدلے ان گھروں کو 400 روپے مہینہ دیتا تھا۔

ریمانڈ کاپی میں یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ وشال بھنڈاری کے مطابق راکی نامی شخص 'ریپبلک نیوز' چینل زیادہ سے زیادہ دیکھنے کے لیے پیسے دیا کرتا تھا۔ پولس کے مطابق 'بارک' سے جب اس معاملے میں پوچھ تاچھ کی گئی تو انھوں نے 'ریپبلک ٹی وی' کے مشتبہ ناظرین ہونے کے ثبوت دیے۔

ملزم نمبر 2 بومپیلی راؤ مستری نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ ریپبلک ٹی وی، فقط مراٹھی اور باکس سنیما کو دیکھنے کے لیے شریس ستیش پٹن شیٹی اور نارائن شرما اسے پیسے دیا کرتے تھے۔ کرائم برانچ کے ذریعہ شریس ستیش پٹن شیٹی اور نارائن شرما سے پوچھ تاچھ کے بعد مزید ثبوت ملے اور پھر انھیں گرفتار کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔