تریپورہ میں بڑا الٹ پھیر، وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب نے دیا استعفیٰ

بپلب کمار دیب کے استعفیٰ کے بعد بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ طلب کی ہے، اس کے لیے مرکزی وزیر بھوپندر یادو اور پارٹی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے سنٹرل سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں۔

بپلب دیب، تصویر آئی اے این ایس
بپلب دیب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تریپورہ سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بپلب دیب کو بی جے پی نے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد انھوں نے اپنا استعفیٰ نامہ گورنر کے حوالے کر دیا۔ اب بپلپ کمار دیب کی جگہ نئے وزیر اعلیٰ کی تقرری ہوگی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بپلب کمار دیب نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے دہلی میں ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد ہی طے ہو گیا تھا کہ بی جے پی انھیں وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے جلد ہٹانے والی ہے۔

استعفیٰ دینے کے بعد بپلب کمار دیب کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میرے لیے پارٹی سب سے اوپر ہے۔ میں نے پارٹی کے مفاد میں وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی میں اسے نبھاؤں گا۔‘‘ انھوں نے اس دوران کہا کہ ان کی وزیر اعظم مودی سے بھی بات ہوئی ہے۔ پارٹی قیادت کے کہنے کے بعد ہی انھوں نے استعفیٰ دیا۔ حالانکہ نئے وزیر اعلیٰ سے متعلق انھوں نے کوئی بھی جواب نہیں دیا۔


بپلب کمار دیب کے استعفیٰ کے بعد بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ طلب کی ہے۔ اس کے لیے مرکزی وزیر بھوپندر یادو اور پارٹی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے سنٹرل سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں۔ دونوں ہی اگرتلہ پہنچ چکے ہیں۔ اس میٹنگ میں پارٹی نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کر سکتی ہے۔ بپلب دیب کے ہٹائے جانے کے بعد اب نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد نئے چہرے پر مہر لگ سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ موجودہ نائب وزیر اعلیٰ جشنو دیو ورما کو بی جے پی تریپورہ کی کمان سونپ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مزید کچھ ناموں پر بھی غور ہو رہا ہے۔ ان میں مانک ساہا اور پرتیما بھومک کا نام بھی شامل ہے۔ لیکن ان سبھی میں فی الحال جشنو دیو ورما کا نام سب سے اوپر بتایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔