تین طلاق بل پاس ہوا تو مسلم خواتین دوہرے ظلم کا شکار ہوں گی: مایاوتی

بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے بھی تین طلاق سے متعلق مرکزی حکومت کے بل میں خامیاں شمار کراتے ہوئے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجیہ سبھا میں کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ طلاق ثلاثہ بل کی موجودہ شکل کی مخالفت کے بعد بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے تین طلاق میں کئی خامیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے آج کہا کہ اگر یہ بل موجودہ شکل میں پاس ہو کر قانون بن جاتا ہے تو اس سے مسلم خواتین دوہرے مظالم کا شکار ہوں گی۔ یہ بل مسلم خواتین کے لیے فائدہ مند کم اور نقصان پہنچانے والا زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں... حکومت طلاق ثلاثہ بل پر ناکام، فیصلہ اب بجٹ اجلاس میں

مایاوتی نے اپنا یہ نظریہ ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کے ضدی اور غیر جمہوری رویہ کے سبب اگر یہ بل موجودہ شکل میں پاس ہو کر قانون بن جاتا ہے تو اس سے مسلم خواتین دوہرے مظالم کی شکار ہوں گی اور ان کا فائدہ ہونے کی جگہ نقصان ہی ہوگا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی مایاوتی نے یہ بھی کہا کہ تین طلاق پر پابندی سے متعلق قانون بنانے کے حق میں بی ایس پی بھی ہے لیکن موجودہ بل میں سزا وغیرہ کا جو نظام ہے وہ طلاق شدہ مسلم خواتین کے لیے بہت برا ثابت ہوگا اور وہ روز مرہ کے کئی نئے مسائل سے نبرد آزما ہوں گی۔ اس بل سے ان کی زندگی آسان ہونے کی جگہ مزید مشکل ہو جائے گی، وہ استحصال کار شکار ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں... طلاق،طلاق،طلاق، اپوزیشن متحد،این ڈی اےمیں شگاف

اپنے بیان میں مایاوتی نے مودی حکومت سے اس بل میں موجود خامیوں پر کھلے ذہن سے غور کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس معاملے میں اتنی جلدبازی کی ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں سے بھی مشورہ کرنا ضروری نہیں سمجھا۔ اس بل میں ترمیم کی ضرورت ہے اس لیے بل کو راجیہ سبھا کی سلیکٹ کمیٹی کو بھیجا جانا چاہیے تاکہ ضروری تبدیلی کی جا سکے۔ مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسے منمانی کرنے کی عادت ہو گئی ہے اس لیے ہر حال میں اپنی بات منوانا چاہتی ہے، چاہے نوٹ بندی کا حیران کن فیصلہ ہو یا جلد بازی میں نافذ کیا گیا جی ایس ٹی کا فیصلہ۔ مایاوتی نے کہا کہ مودی حکومت کے ضدی رویہ نے عوام کو ہمیشہ پریشان ہی کیا ہے اور طلاق ثلاثہ بل بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت اپنے مسلم مخالف عمل اور پالیسیوں سے پورے سماج کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے تاکہ یہ معاملہ بھی ہندو-مسلم بن جائے اور پھر بی جے پی اپنی سیاسی روٹی سینکتی رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔