سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن الیکشن ریزلٹ میں بھی ترنمول کانگریس نے کر دیا ’کھیلا‘

47 سیٹوں میں سے ترنمول کانگریس نے 37 سیٹیں حاصل کر کے ظاہر کر دیا کہ اس کا ’کھیلا‘ ابھی جاری ہے، بی جے پی کو 5، سی پی ایم کو 4 اور کانگریس کو 1 سیٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

ترنمول کانگریس، تصویر یو این آئی
ترنمول کانگریس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن انتخاب 2022 کا ریزلٹ پیر کے روز منظر عام پر آ گیا ہے۔ الیکشن میں دیگر تمام پارٹیوں کو شکست فاش دیتے ہوئے ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس نے بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔ 47 سیٹوں میں سے ترنمول کانگریس نے 37 سیٹیں حاصل کر کے ظاہر کر دیا ہے کہ اس کا ’کھیلا‘ ابھی جاری ہے۔ بی جے پی کو 5، سی پی ایم کو 4 اور کانگریس کو 1 سیٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ گزشتہ 2015 کے سلی گڑی میونسپل کارپوریشن انتخاب کی بات کی جائے تو 47 سیٹوں میں سی پی ایم کی قیادت والی بایاں محاذ کو 23 سیٹ حاصل ہوئی تھیں۔ بی جے پی کو دو سیٹیں ملی تھیں اور کانگریس نے 4 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ ترنمول کانگریس نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے اپنی سیٹوں کی تعداد 17 سے بڑھا کر 37 کر لی۔

یہ سلی گوڑی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے جب ترنمول کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ اس بار کے میونسپل کارپوریشن انتخاب میں سی پی ایم کے سینئر لیڈر اور دو دہائی سے بھی زیادہ وقت تک سلی گوڑی کے رکن اسمبلی اور ریاست کے سابق وزیر رہے اشوک بھٹاچاریہ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہ چھ نمبر وارڈ سے امیدوار تھے۔ انھیں ترنمول کانگریس کے عالم خان نے 482 ووٹوں سے شکست دی۔


سلی گوڑی کے بی جے پی رکن اسمبلی شنکر گھوش بھی میونسپل کارپوریشن انتخاب ہار گئے ہیں۔ اس نوجوان لیڈر کو 24 نمبر وارڈ میں ترنمول کانگریس کے بزرگ لیڈر پرتل چکرورتی نے شکست دی۔ دارجیلنگ ضلع کانگریس صدر، سابق رکن اسمبلی شنکر مالاکار کی بیٹی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ترنمول کانگریس کی طرف سے سلی گوڑی کے میئر عہدہ کے مضبوط دعویدار سینئر لیڈر گوتم دیو نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔ انھوں نے اپنے قریبی حریف اور آزاد امیدوار بجن سرکار کو 3436 ووٹوں سے ہرایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */