ویر عبد الحمید کے یوم پیدائش پر کنور دانش کا خراج تحسین

کنور دانش علی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ "1965 کی جنگ میں پاکستان کے خلاف بے مثال جرات و ہمت کا مظاہرہ کرنے والے پرم ویر چکر یافتہ شہید ویر عبدالحمید کو ان کے یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں"۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے پرم ویر چکر یافتہ ویر عبد الحمید کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ عبد الحمید نے پاکستان کے خلاف 1965 کی جنگ میں دشمن کے چھکے چھڑائے تھے۔ امروہہ کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے ٹوئٹ کرکے ویر عبدالحمید کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ "1965 کی جنگ میں پاکستان کے خلاف بے مثال جرات و ہمت کا مظاہرہ کرنے والے پرم ویر چکر یافتہ شہید ویر عبدالحمید کو ان کے یوم پیدائش پر میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں"۔

انہوں نے ویر عبد الحمید کا ایک پوسٹر بھی شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "شہید ویر عبدا لحمید کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت، جنہوں نے 1965 کی جنگ میں تنہا پاکستان کے سات ٹینک تباہ کر دیئے تھے"۔ دانش علی نے مزید لکھا ’’ہماری فوج میں ایسے ہزاروں ویر عبد الحمید موجود ہیں جو دشمن کے چھکے چھڑانے کی ہمت رکھتے ہیں، صرف سیاسی عزم کی ضرورت ہے۔


’’انہوں نے ساتھ میں ہیش ٹیگ ’گلوان ویلی‘ کا بھی استعمال کیا ہے۔ دراصل دانش علی کا اشارہ حال ہی میں لداخ کی وادی گلوان میں ہند و چین کی افواج کے درمیان ہونے والے تصادم سے ہے، جس میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ ویر عبد الحمید یکم جولائی 1933 کو اتر پردیش میں ضلع غازی پور کے دھام پور گاؤں میں ایک عام خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ویر عبد الحمید نے 1965 کی جنگ میں اپنے ملک کی سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی تھی۔ اس بے مثال جرات و ہمت اور قربانی کے لیے انہیں 16 ستمبر 1965 کو پرم ویر چکر کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔