قومی آواز بلیٹن: ’لاپروائی ہوئی تو امریکہ میں روزانہ ایک لاکھ کیسز ہوں گے‘؛ ہوائی تشہیر نہیں، مدد کیجئے، پرینکا

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: ’لاپروائی ہوئی تو امریکہ میں روزانہ ایک لاکھ کیسز آئیں گے‘؛ اپنے خلاف ایف آئی آر پر رام دیو چراغ پا؛ ہوائی تشہیر نہیں، مدد کیجئے، پرینکا کا یوگی حکومت پر حملہ

user

قومی آوازبیورو

لاپروائی کی گئی تو امریکہ میں روزانہ کورونا کے ایک لاکھ کیسز آئیں گے: ڈاکٹر فاؤچی کا بیان

امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ میں ماسک پہننے اور معاشرتی دوری جیسے قوانین کی سختی سے پابندی نہیں کی گئی تو امریکہ میں ہر روز کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ہو سکتی ہے۔ امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے سربراہ ڈاکٹر فاؤچی نے کہا ہےکہ ’’اس وقت ہمارے ملک میں ہر روز کورونا وائرس کے 40 ہزار نئے کیسز آرہے ہیں۔ اگر یہ تعداد روزانہ ایک لاکھ تک پہنچ جاتی ہے تو مجھے حیرت نہیں ہوگی۔ اس حوالہ سے میں بہت فکر مند ہوں‘‘


اپنے خلاف ایف آئی آر پر رام دیو چراغ پا، کہا ایسے برتاؤ کیا جیسے وہ دہشت گرد ہوں

پتنجلی کے مالک اور یوگ گرو رام دیو نے کورونا کے لئے تیار کی گئی اپنی دوائی کو ایک مرتبہ پھر سے مؤثر قرار دیا اور کہا کہ اس ملک میں آیوروید کی بات کرنا گناہ ہو گیا ہے۔ نیز انہوں نے کورونا کی دوا ایجاد کر کے ایک بہتر پہل کی ہے، لیکن ان کے خلاف اس طرح سے ایف آئی آرز درج کرائی گئیں جیسے کہ وہ دہشت گرد ہوں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رام دیو نے کہا ’’ابھی تو ہم نے ایک کورونا کے بارے میں ہی کلینیکل کنٹرول ٹرائل کا ڈیٹا ملک کے سامنے رکھا ہے تو ایک طوفان برپا ہو گیا۔ اسی سے ڈرگ مافیہ، ملٹی نیشنل کمپنی مافیہ اور ہندوستان مخالف قوتوں کی جڑیں ہل گئیں۔

ہوائی تشہیر نہیں، مدد کیجئے، تنگ حالی دور کیجئے، پرینکا گاندھی کا یوگی حکومت پر حملہ

پرینکا گاندھی نے فیس بک پر اپنی پوسٹ کے ذریعہ ایک بار پھر اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنی پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے ریاست میں بے روزگاری کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”یو پی کے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم صاحب کو بلا کر ایک تقریب کرائی اور بتایا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں میں لاکھوں روزگار مل رہے ہیں۔ لیکن حقیقت دیکھیے۔ پی ایم کے پارلیمانی حلقہ کے بنکر جو وارانسی کی شان ہیں، آج گہنے اور گھر گروی رکھ کر گزارا کرنے پرمجبور ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران ان کا پورا کام ٹھپ ہو گیا۔“ اپنی پوسٹ میں پرینکا نے مزید لکھا ہے کہ ”چھوٹے تاجروں اور کاریگروں کی حالت بہت خراب ہے۔ ہوائی تشہیر نہیں، معاشی مدد کا ٹھوس پیکیج ہی انھیں اس تنگ حالی سے نکال سکتا ہے۔“


دہلی میں پلازمہ تھیراپی بھی پولس انسپکٹر کی جان نہیں بچا پائی

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل میں تعینات 49 سالہ انسپکٹر سنجیو کمار یادو کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب موت ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق انسپکٹر سنجیو نے منگل کو دیر شب ساکیت میں واقع میکس اسپتال میں آخری سانس لی۔ کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد وہ گزشتہ 15 دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ واضح رہے انہیں پلازمہ تھیراپی بھی دی گئی تھی۔ انسپکٹر سنجیو اسپیشل سیل کی جنوب مغربی رینج میں تعینات تھے۔ راجدھانی میں کورونا سے انسپکٹر سطح کے افسر کی یہ پہلی موت ہے۔

کورونا کے علاج میں ٹیسٹنگ سب سے زیادہ اہم، نرسنگ کا کام کرنے والوں کا مشورہ

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا بحران کے دوران اس بیماری میں نرسوں کے اہم کردار کو سمجھنے کے لئے اور ان کے مشوروں سے مستفیض ہونے کے لئے ’ڈاکٹرس ڈے‘ کے موقع پر الگ الگ ممالک میں نرسنگ کا کام کرنے والے ہندوستانیوں سے بات کی۔ گفتگو میں شریک ہونے والے آسٹریلیا میں نرسنگ کا کام کر رہے راجستھان کے نریندر سنگھ نے کہا کہ کووڈ کے علاج میں ٹیسٹنگ کا کردار انتہائی اہم ہے اور زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ کرنے سے ہی صحیح علاج کیا جا سکتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں نرسنگ کا کام کرنے والی انو راگنت نے کہا کہ ہندوستان کا نرسنگ نصاب اتنا اچھا ہے کہ ہندوستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں کام کر سکتے ہیں اور انہیں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ انگلینڈ میں کام کر رہی شیرلی کا کہنا تھا کہ ہندوستانی نرسنگ اسٹاف کو ان کے خلوص، لگن اور عزم کے لئے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔


تمل ناڈو کے پاور پلانٹ میں زبردست دھماکہ، 6 افراد ہلاک، 17 زخمی

تمل ناڈو سے ایک دردناک حادثہ کی خبر سامنے آ ئی ہے جس کے مطابق ایک پاور پلانٹ میں دھماکہ کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کئی زخمیوں کو سنگین حالت میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہوئی خبروں کے مطابق تمل ناڈو کے نیویلی پاور پلانٹ میں بوائیلر اسٹیج-2 میں دھماکہ ہونے کی وجہ سے کم و بیش 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثہ میں 17 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے جن میں سے کچھ کی حالت انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، سماجی دوری بنائے رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jul 2020, 8:11 PM