آندھرا پردیش: ڈیزل ٹینکر لے جانے والی ٹرین پٹری سے اتری، 2 ٹینکرس میں لگی خوفناک آگ

فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ریلوے اسٹاف کی مدد سے کسی طرح آگ پر قابو پا لیا ہے۔ حادثہ کی وجہ سے پٹریوں کو کافی نقصان پہنچا، جس کی مرمت اور جائے حادثہ کی صاف صفائی کا کام جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ سے چنئی جانے والی ایک مال بردار ٹرین حادثہ کا شکار ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مال بردار ٹرین میں ڈیزل ٹینکرس لگے ہوئے تھے۔ واقعہ پرکاشم ضلع کا ہے جہاں حادثہ کی وجہ سے ٹرین میں لگے پانچ ٹینکرس ریل اوور بریج سے موسی ندی میں گر گئے۔ اس علاقہ کو باپوجی کالونی کے نام سے جانا جاتا ہے اور حادثہ سرزد ہونے کے بعد مقامی لوگوں میں افرا تفری مچ گئی اور انھوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو اس کی خبر دی۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 2 ٹینکرس میں زبردست آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے وہاں موجود لوگوں میں ایک دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ریلوے اسٹاف کی مدد سے کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ چونکہ حادثہ کی وجہ سے پٹریوں کو بھی کافی نقصان پہنچا تھا اس لیے اسے ٹھیک کرنے اور جائے حادثہ پر صاف صفائی کا کام بھی فوری طور پر شروع کیا گیا۔

ریلوے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جو مال بردار ٹرین حادثہ کا شکار ہوئی ہے اس کے ذریعہ ڈیزل کی منتقلی ایک جگہ سے دوسری جگہ کی جا رہی تھی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حادثہ کی وجہ سے تقریباً 200 میٹر پٹریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے اے ڈی جی ایم راما راجو نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ ٹرین چنئی کی ایچ پی ایل کمپنی سے ایندھن منتقلی کر رہی تھی اور غالباً پٹریوں میں دراڑ کی وجہ سے ویگنس ریل اوور بریج سے ندی میں گر گئے۔ راما راجو کا کہنا ہے کہ فی الحال نقصان کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں بتایا جا سکتا لیکن ابتدائی جانچ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہوگا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔