گوا میں بی جے پی کو ترنمول کانگریس کا مل رہا ساتھ، کانگریس لیڈروں کو کروڑوں روپے کی پیشکش: کانگریس

دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ ممتا مہاگٹھ بندھن توڑ رہی ہیں، وہ آج ملک بھر میں گھوم رہی ہیں اور بی جے پی سے لڑنے کی کوشش نہیں کر رہیں بلکہ کانگریس کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، کانگریس کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔

دنیش گنڈو راؤ
دنیش گنڈو راؤ
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی گوا یونٹ کے انچارج دنیش گنڈو راؤ نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس اپنی پارٹی میں شامل ہونے کے لیے دوسری پارٹیوں کے ممکنہ امیدواروں کو 10 کروڑ روپے سے 20 کروڑ روپے تک کی پیشکش کر رہی ہے۔ انھوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر کانگریس کو کمزور کرنے اور برسراقتدار بی جے پی کی مدد کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔

دنیش گنڈو راؤ نے پنجی میں کہا کہ ترنمول کانگریس نے گوا میں کیا تعاون کیا ہے۔ آج اس کے لیڈران کروڑوں-کروڑوں روپے لے کر آ رہے ہیں۔ لوگوں کو پیشکش کی جا رہی ہے، امیدوار بنو، ہم آپ کو 20 کروڑ روپے دیں گے... 10 کروڑ روپے دیں گے۔ یہ پیسہ کہاں سے اور کس لیے آ رہا ہے۔ اس کا مقصد کیا ہے۔‘‘


دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ ’’ایجنڈا بہت واضح ہے۔ وہ بی جے پی کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اب ترنمول کانگریس سے اتحاد کو قبول کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے، کیونکہ وہ کانگریس کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، بی جے پی کو نہیں۔ یہ ان کا ایجنڈا ہے، تو ہم ان کے اتحاد کو کیسے قبول کر سکتے ہیں؟‘‘

کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی بی جے پی کے خلاف مہاگٹھ بندھن نہیں بنا رہی ہے، بلکہ بی جے پی مخالف پارٹیوں کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ وہ مہاگٹھ بندھن کو ہی توڑ رہی ہیں، وہ آج ملک بھر میں گھوم رہی ہیں اور بی جے پی سے نہیں لڑنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ بی جے پی سے لڑنے کے نام پر وہ کانگریس کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، کانگریس کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */