ٹیپو سلطان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بی جے پی تاریخ بدلنے کی کوشش کر رہی: پریانک کھڑگے

کھڑگے نے کہا کہ لال باغ کو حیدر علی نے ترقی دی اور پھر ٹیپو سلطان نے اس کی توسیع کی۔ انہوں نے نندی ہلز کے قلعے کا بھی ذکر کیا اور سوال کیا کہ کیا بی جے پی ایسی تاریخی خدمات کو مٹانا چاہتی ہے؟

<div class="paragraphs"><p>پریانک کھڑگے</p></div>
i

کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھڑگے نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کے لیے ٹیپو سلطان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور تاریخ کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔ ٹیپو سلطان جینتی کی تقریبات کے انعقاد اور اسکول کی درسی کتابوں سے میسور کے حکمران سے متعلق اسباق ہٹانے کے معاملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’آپ ریاست کے لیے ٹیپو سلطان کی خدمات کو ختم نہیں کر سکتے۔ آپ کو پسند ہو یا نہ ہو، تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا۔‘‘

تحریک خداداد تنظیم کی جانب سے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کو پیش کی گئی عرضداشت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پریانک کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی تاریخ کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیپو سلطان جینتی کی سرکاری تقریبات دوبارہ شروع کی جائیں اور اسکول کی کتابوں میں ان سے متعلق اسباق بحال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان نے انگریزوں کے خلاف 4 اینگلو میسور جنگیں لڑی تھیں اور انگریز ان سے بہت خوف زدہ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی حقائق ہیں، جنہیں نہ تو وہ بدل سکتے ہیں اور نہ ہی بی جے پی۔


کھڑگے نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس نے تحریک آزادی، تحریک سول نافرمانی، بھارت چھوڑو تحریک، ڈانڈی مارچ، تحریک عدم تعاون یا گول میز کانفرنسوں میں حصہ نہیں لیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ جب بی ایس یدی یورپا وزیر اعلیٰ تھے، اس وقت بی جے پی نے ٹیپو سلطان جینتی کی مخالفت کی تھی، جبکہ یدی یورپا نے اپنی ایک کتاب میں ٹیپو سلطان کی تعریف کی تھی۔ وزیر داخلہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی سیاسی فائدے کے لیے اقلیتوں کے مسائل کا استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے تو بی جے پی اقلیتوں کی حمایت کرتی ہے، لیکن دوسرے وقت اس کا رویہ بدل جاتا ہے۔

تاریخی ورثوں کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ بنگلورو کے لال باغ کو حیدر علی نے ترقی دی تھی اور بعد میں ٹیپو سلطان نے اس کی توسیع کی۔ انہوں نے نندی ہلز کے قلعے کا بھی ذکر کیا اور سوال کیا کہ کیا بی جے پی ایسی تاریخی خدمات کو بھی مٹانا چاہتی ہے؟ انہوں نے بی جے پی کے تاریخی علم کو ’واٹس ایپ یونیورسٹی کی تاریخ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عرضداشت پر مناسب فیصلہ کرے گی۔


اقلیتوں کے لیے قومی دفاعی تربیتی پروگرام پر بی جے پی کی تنقید کے جواب میں کھڑگے نے کہا کہ مختلف محکمے الگ الگ طبقوں کے لیے اس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے پروگرام چلاتا ہے، جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود اقلیتوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہریوں کو فوج میں بھرتی کی تیاری کرانے والے تربیتی پروگراموں پر بی جے پی کو اعتراض کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام چلانے کے لیے حکومت کو بی جے پی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ کھڑگے نے واضح کیا کہ اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو ہندوستانی فوج میں بھرتی کے لیے تیار کرنا ہے، نہ کہ نیم فوجی دستوں یا آر ایس ایس جیسی نجی تنظیموں کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہم اپنے ہی شہریوں کو تربیت نہیں دیں گے تو پھر کون دے گا؟‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔