’گودھرا میں ٹرین نذرِ آتش کرنے والے وقت سے قبل رِہائی کے حقدار نہیں‘، گجرات حکومت کی سپریم کورٹ میں اپیل

ریاستی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں سالیسٹر جنرل نے بتایا کہ گودھرا میں ٹرین نذرِ آتش کرنے والے ملزمین کے لیے وہ سزا پر بحث کے دوران پھانسی کی سزا کا مطالبہ کریں گے۔

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گجرات حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ 2002 کے گودھرا ٹرین آتش زدگی معاملے میں قصوروار افراد ریاستی پالیسی کے تحت وقت سے قبل رِہائی کے لیے اہل نہیں ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں سالیسٹر جنرل نے بتایا کہ گودھرا میں ٹرین نذرِ آتش کرنے والے ملزمین کے لیے وہ سزا پر بحث کے دوران پھانسی کی سزا کا مطالبہ کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملے میں قصورواروں کو ہائی کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اب چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی بنچ نے اس معاملے کے ملزمین کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اسے تین ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے وکیل سے کہا ہے کہ وہ بتائیں کہ قصورواروں کو کتنی سزا دی گئی تھی اور کتنا وقت جیل میں گزار چکے ہیں۔


سپریم کورٹ نے اس عرضی پر گجرات حکومت سے جواب داخل کرنے کے لیے کہا تھا جس میں 2002 کے گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے قصورواروں نے ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ معاملہ صرف ٹرین کے بوگیوں پر پتھراؤ کا نہیں ہے بلکہ قصورواروں نے سابرمتی ایکسپریس کی ایک بوگی کو بند کر دیا تھا اور بعد میں اسے نذرِ آتش کر دیا گیا تھا جس سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ 2011 میں ٹرائل کورٹ نے مذکورہ بالا معاملے میں 11 قصورواروں کو پھانسی کی سزا سنائی تھی جبکہ 20 دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بعد میں ہائی کورٹ نے پھانسی کو عمر قید کی سزا میں تبدیل کر دیا اور باقی کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا گیا تھا۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے جہاں آئندہ سماعت تین ہفتے بعد ہونی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */