بھارت کو توڑنے میں ماہر لوگوں کو بھارت جوڑنے والوں سے دقت ہو رہی ہے! پون کھیڑا

کانگریس نے کہا ہے کہ تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی زبردست بھیڑ کو دیکھ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گھبرا گئی ہے

بھارت جوڑو یاترا میں پون کھیڑا
بھارت جوڑو یاترا میں پون کھیڑا
user

قومی آوازبیورو

پاروتی پورم (تامل ناڈو): کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی زبردست بھیڑ کو دیکھ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گھبرا گئی ہے۔ اس کے لیڈران کھلے عام اناپ شناب بیانات دینے لگے ہیں۔

کانگریس کے شعبہ ذرائع ابلاغ و تشہیر کے چیئرمین اور قومی ترجمان پون کھیڑا نے یو این آئی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی پد یاترا میں بھیڑ جمع ہوتے دیکھ کر پریشان ہے اور اس کے لیڈر گھبراہٹ میں ایسا ردعمل دے رہے ہیں۔

انہوں نے یاتریوں کے آرام کے لیے کیمپ سائٹ پر کیے گئے کنٹینر کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی لگژری سہولت نہیں ہے لیکن جو لوگ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں انہیں ان کنٹینرز میں پانچ ستارہ ہوٹلوں کی لگژری نظر آ رہی ہے۔


این این سی ٹی وی پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں پون کھیڑا نے کہا ’’ہم یہاں ایک خش نما ماحول میں ایک خاندان کی طرح سب مل کر رہ رہے ہیں۔ صبح اکٹھے یہاں پرچم کشائی کرتے ہیں اور نکل پڑتے ہیں اور اس کے بعد چل پڑتے ہیں۔ شام کو لوٹتے ہیں، اکٹھے کھانا کھاتے ہیں، تبادلہ خیال کرتے ہیں، غور و فکر کرتے ہیں۔ کچھ لوگ جو بھارت جوڑنے میں ماہر ہیں انہیں بھارت جوڑنے والوں سے بڑی دقت ہو رہی ہے، بالخصوص بی جے پی کو۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’آئیں ذرا دیکھیں، نہ یہاں مور ہے، نہ ہم یہاں مور کو دانا کھلاتے ہیں اور نہ ہی عالیشان باغیچہ ہے تو مودی جی کو پریشانی ہو رہی ہے۔ بھارت توڑنے والوں کو یہ سمجھ جانا چاہئے کہ بھارت کو توڑنے والے ان سے الگ تھے، الگ ہیں اور الگ رہیں گے۔‘‘


پون کھیڑا نے کہا کہ اس یاترا میں 60 کنٹینر ہیں، جنہیں دو افراد، چار افراد، چھ افراد اور یہاں تک کہ 12-12 یاتریوں کے قیام کے ئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے لیے کنٹینروں میں معمولی سہولیات موجود ہیں اور انہیں صرف رات کے وقت آرام کے لئے بنایا گیا ہے۔

ان کنٹینرز کو کیمپ میں جمع کرنے میں تقریباً دو گھنٹے اور اگلے اسٹاپ پر پہنچانے میں تقریباً پانچ گھنٹے لگتے ہیں، اس طرح روزانہ مسافروں کے رات کے قیام کے انتظامات کرنے میں سات سے آٹھ گھنٹے لگتے ہیں۔ یہ انتظام پورے سفری راستے میں اسی طرح کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔