’یہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ جرم ہے‘، نیٹ امتحان منسوخ ہونے کے بعد راہل گاندھی کا سخت تبصرہ
راہل گاندھی نے کہا کہ ہر بار پیپر مافیہ بچ نکلتے ہیں اور ایماندار طلبا سزا بھگتنے کو مجبور ہوتے ہیں۔ اب لاکھوں طلبا پھر سے وہی ذہنی تناؤ، معاشی بوجھ اور غیر یقینی کو برداشت کریں گے۔
رواں ماہ کے ابتدا میں ہوئے ’نیٹ (یو جی) 2026‘ امتحان کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر سخت تبصرہ کیا ہے اور اسے طلبا کی پریشانیوں کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’نیٹ 2026 کا امتحان رَد ہو گیا۔ 22 لاکھ سے زیادہ طلبا کی محنت، قربانی اور خوابوں کو اس بدعنوان بی جے پی نظام نے کچل دیا۔‘‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے طلبا کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کسی والد نے قرض لیا، کسی ماں نے زیور فروخت کیے، لاکھوں بچوں نے رات رات بھر جاگ کر پڑھائی کی، اور بدلے میں ملا پیپر لیک، سرکاری لاپروائی اور تعلیم میں منظم بدعنوانی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ صرف ناکامی نہیں، نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ جرم ہے۔ ہر بار پیپر مافیا بچ نکلتے ہیں اور ایماندار طلبا سزا بھگتنے کو مجبور ہوتے ہیں۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے امتحان منسوخ ہونے کے بعد طلبا کو درپیش مسائل کا ذکر بھی اس پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اب لاکھوں طلبا پھر سے وہی ذہنی تناؤ، معاشی بوجھ اور غیر یقینی برداشت کریں گے۔ اگر اپنی تقدیر محنت سے نہیں، پیسے اور پہنچ سے طے ہوگا، تو پھر تعلیم کا مطلب کیا رہ جائے گا۔‘‘ آخر میں وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم کا نام نہاد امرت کال ملک کے وِش کال (دورِ زہر) بن گیا ہے۔‘‘
نیٹ یو جی 2026 امتحان منسوخ ہونے کے بعد کانگریس نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ اس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’نیٹ کا پیپر لیک ہو گیا، امتحان رَد ہو گیا۔ اس امتحان کے رد ہونے سے تقریباً 22 لاکھ طلبا کی سخت محنت، ان کی فیملی کا پیسہ... سب پانی میں چلا گیا۔ یہ پہلی بار نہیں ہے۔ مودی حکومت میں 10 سال کے اندر 89 سے زیادہ پیپر لیک ہو چکے ہیں۔‘‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ پیپر لیک اور امتحان میں دھاندلی بی جے پی حکومت کی شناخت بن چکی ہے، جہاں حکومت کے تھفظ میں پرورش پا رہے پیپر لیک مافیا طلبا کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔ پارٹی نے مزید کہا کہ ’’پیپر لیک سے ہر سال لاکھوں خواب ٹوٹتے ہیں، طلبا کی زندگی اجڑ جاتی ہے، لیکن ان کا درد بی جے پی لیڈران کو نظر نہیں آتا، کیونکہ ان کے بچے تو بیرون ممالک میں مزے سے پڑھائی کر رہے ہیں۔‘‘ پارٹی آگے لکھتی ہے ’’سچ ہے، نریندر مودی اور ان کی حکومت نے امتحان کے سسٹم کو کھوکھلا کر دیا ہے، جہاں نوجوانوں کے خوابوں کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور ملک کی بنیاد کمزور کی جا رہی ہے۔ شرم آنی چاہیے۔‘‘
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
