’اس غیر انسانی فعل نے قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا‘، پہلگام حملہ پر اسلامک کلچرل سنٹر کا اظہارِ غم

انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انتہائی عجلت اور عزم کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائے اور مجرموں کی نشاندہی کر انھیں کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

پہلگام میں گزشتہ روز ہوئے دہشت گردانہ حملے کی بلا تفریق مذہب ہر کوئی مذمت کر رہا ہے۔ بے شمار سیاسی و سماجی، بشمول مسلم تنظیمیں بھی اس حملے کو انتہائی شرمناک قرار دے چکے ہیں۔ اس درمیان انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) نے ایک بیان جاری کر پہلگام حملہ پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم، آئی آئی سی سی کے اراکین، بورڈ آف ٹرسٹیز اور ایگزیکٹیو کونسل کے اراکین و تمام عہدیدار، جموں و کشمیر کے پہلگام میں معصوم سیاحوں کے وحشیانہ قتل سے گہرے صدمہ میں اور غم زدہ ہیں۔‘‘

اسلامک کلچرل سنٹر نے حکومت سے متاثرین کو انصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ سنٹر کا کہنا ہے کہ ’’اس غیر انسانی فعل نے قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں اور جانوں کے نقصان پر سوگوار ہیں۔ یہ معصوم جانیں، جنہیں بزدلانہ کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، صحیح معنوں میں شہید ہیں۔ ان کی قربانی ہر ہندوستانی کے دل میں ہمیشہ کے لیے نقش رہے گی۔‘‘ سنٹر نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومین کی روح کو ابدی سکون عطا کرے۔


انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری قدم اٹھاتے ہوئے انصاف کو یقینی بنائے اور مجرموں کی نشاندہی کر انھیں کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے۔ جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں قانون کے تحت سخت ترین سزا سے کم کے مستحق نہیں۔ بے گناہوں کا خون بہانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں ضروری لانا چاہیے۔ اس جاری بیان میں سلمان خورشید (صدر، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر)، محمد فرقان (نائب صدر، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر)، بورڈ آف ٹرسٹیز سراج الدین قریشی، پروفیسر خواجہ ایم شاہد، قمر احمد (آئی پی ایس، سبکدوش)، ابوذر خان، شوہر محمد خان، فرخ ناز، سکندر حیات (خزانچی، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر)، شہانہ بیگم (ایگزیکٹیو کونسل، سکریٹری، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر)، شمامہ احمد، ارمان احمد خان (ایگزیکٹیو کونسل، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر)، شاہد علی خان (ایگزیکٹیو کونسل، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر) اور شیخ محمد شعیب (ایگزیکٹیو کونسل، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر) کے دستخط موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔