’کورونا کی تیسری لہر آ چکی ہے، دہلی میں 10 ہزار نئے معاملوں کی تصدیق کا خدشہ‘

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ آج انفیکشن کی شرح 10 فیصد کے قریب ہے اور 10 ہزار معاملوں کی تصدیق ہو سکتی ہے۔

ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی میں کورونا اور اومیکرون کے معاملات میں مسلسل اضافے کے درمیان دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بدھ کے روز کہا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر آ چکی ہے اور دہلی میں یہ پانچویں لہر ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آج دہلی میں تقریباً 10000 کورونا معاملے درج کئے جا سکتے ہیں۔ ستیندر جین نے کہا کہ کورونا پورے ملک میں پھیل رہا ہے۔ اب تک یہ بہت ہلکا ہے اور علامات بھی کم ظاہر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے اور نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔

وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ آج انفیکشن کی شرح 10 فیصد کے قریب ہوسکتی ہے اور نئے کیسز 10 ہزار کے قریب ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی صحت ٹھیک ہے، وہ فی الحال تنہائی میں ہیں۔ حال ہی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی کورونا کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔


انہوں نے کہا کہ آکسیجن کے لیے ’ایل ایم او‘ ٹینکس موجود ہیں، اس کی لائیو معلومات کے لیے سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ کورونا وار روم میں بستر سے لے کر آکسیجن تک ہر چیز کے بارے میں تمام معلومات موجود ہوں گی۔ دہلی کے وزیر صحت نے کہا، ’’ابھی ہر کسی کی جینوم سیکوینسنگ ممکن نہیں ہے لیکن اب سیمپل سیکوینسنگ کرائی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔