اگلی دیوالی پر مہنگائی نہیں رہے گی، پالیسیاں تبدیل کر دے گی ’انڈیا اتحاد‘ کی حکومت : کانگریس

جے رام رمیش نے کہا ’’یہ آخری دیوالی ہے جب لوگوں کو مہنگائی کا سامنا ہے، انڈیا اتحاد کی حکومت ایسی پالیسیوں میں تبدیلی لائے گی جس کی وجہ سے وزیر اعظم کے دوست کو فائدہ ہو رہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے‘‘

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے تہوار کے موسم میں آسمان چھوتی قیمتوں پر بدھ کو مرکز کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’یہ آخری دیوالی ہے جب لوگوں کو اس طرح کی مہنگائی کا سامنا ہے، انڈیا اتحاد کی حکومت 2024 میں ایسی پالیسیوں میں تبدیلی لائے گی جس کی وجہ سے صرف وزیر اعظم کے دوست کو فائدہ ہو رہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔‘‘

ایکس پر ایک پوسٹ میں کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا، ’’خوشیاں لانے والے تہوار بھی مودی حکومت کے تحت لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ کیونکہ ہر ضروری چیز کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں 90 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور 100 روپے فی کلو کے قریب ہے۔ ارہر کی دال کی قیمت ایک سال میں 40 فیصد اضافے کے بعد 152 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔


رمیش نے کہا، ’’لیکن اب یہ آخری دیوالی ہے، جب لوگ مہنگائی کی وجہ سے اس طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ عوام اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں اور 2024 میں تبدیلی کے لیے تیار ہیں۔ انڈیا اتحاد کی حکومت فوری طور پر ان پالیسیوں کو تبدیل کرے گی جو مہنگائی میں اضافہ کر رہی ہیں اور وزیر اعظم کے دوستوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ کانگریس مہنگائی کے حوالہ سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ نوراتری کے بعد سے پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور ملک کے کئی حصوں میں پیاز 80 سے 90 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ مرکز میں بی جے پی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے کم از کم 28 جماعتوں نے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) بلاک بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔