ہندوستان کی سلامتی کے معاملہ پر سیاست نہیں ہونی چاہیے: مایاوتی

مایاوتی کا کہنا ہے کہ حکومت کو ہر قیمت پر ملک کی آن بان شان کی تحفظ کرنی چاہیے اور ان کی پارٹی اس معاملہ پر حکومت کو مکمل تعاون کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے پیر کو لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر چین کے ساتھ جاری تنازع پر ہونے والی سیاست کی سخت تنقید کی اور کہا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے معاملہ پر بی ایس پی حکومت کے ساتھ ہے۔ مایاوتی نے آج واضح لفظوں میں کہا کہ حکومت کو ہر قیمت پر ملک کی آن بان شان کی تحفظ کرنی چاہیے اور ان کی پارٹی اس معاملہ میں حکومت کو مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی چین کے ساتھ جاری کشیدگی پر حکومت کے ساتھ ہے۔

مایاوتی نے کہا کہ ملکی سلامتی کے حوالے سے سیاست نہیں کی جانی چاہیے، بلکہ سمجھداری کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دونوں ممالک کے مابین سرحدی تنازعات اور تناؤ کو کم کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ حکومت کو انتہائی احتیاط اور تدبر کے ساتھ ملکی مفاد میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔


بی ایس پی رہنما نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت ملک کی آن ، بان اور شان کے حساب سے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کرے گی اور ملک کی ایک انچ زمین بھی کسی کو غصب کرنے نہیں دے گی۔ کانگریس اور اس کے اتحادی چین کے سرحدی تنازعہ پر حکومت پر حملہ آور ہیں، حالانکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے اس معاملے پر حکومت کے موقف کی حمایت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔