راجستھان میں اموات کے اعداد و شمار کو چھپانے کی روایت نہیں: اشوک گہلوت

اشوک گہلوت نے ریاست میں کورونا وائرس سے اموات کے معاملات کا آڈٹ کروانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ کووڈ اور غیر کووڈ اموات کی حقیقت معلوم ہوسکے۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں اموات کی تعداد کو چھپانے کا رواج نہیں ہے۔ ہمیں اعداد و شمار کی نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کی فکر ہے۔ ہماری حکومت پوری شفافیت کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ گہلوت نے ریاستی بی جے پی پر کورونا کے اعداد و شمار چھپانے کا الزام لگانے کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے ریاست میں کورونا وائرس سے اموات کے معاملات کا آڈٹ کروانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ کووڈ اور غیر کووڈ اموات کی حقیقت معلوم ہوسکے اور کووڈ سے متاثرہ خاندانوں کی سماجی تحفظ کے سلسلے میں کوئی فیصلہ لیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی نوجوان آبادی کی ویکسی نیشن کے لئے ویکسین کی دستیابی اور مرکزی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی سمیت ہر سطح پر کوششیں کی جانی چاہئیں، تاکہ ویکسینیشن کا کام تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل ویکسی نیشن وائرس کی تیسری لہر کو روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔


میڈیکل اینڈ ہیلتھ منسٹرڈاکٹر رگھو شرما نے کہا کہ ریاستی حکومت کووڈ کی وجہ سے ہونے والی ہر موت کا ریکارڈ اسپتالوں میں رکھنا یقینی بنا رہی ہے۔ اس میں کسی قسم کی گڑبڑی کا امکان نہیں ہے۔ کووڈ کی پہلی لہر کے بعد سے ہماری کوشش رہی ہے کہ مثبت کیسز سے لے کر موت تک کے اعداد و شمار میں شفافیت ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں نچلی سطح کو سخت ہدایات دی گئی ہیں، ہمیں اعداد وشمار کی نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کی تشویش ہے۔

ڈاکٹر شرما نے کہا کہ راجستھان ایک بڑی ریاست ہے، جس کی آبادی تقریباً آٹھ کروڑ ہے۔ ایسی صورتحال میں کووڈ- 19 کے علاوہ مختلف علاقوں میں بیماریوں، حادثات، درازی عمر اور دیگر وجوہات کی وجہ سے اموات فطری ہیں۔ کووڈ کے ساتھ اس طرح کی موت کو جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی بقا کے لئے مستقل کوششوں کی وجہ سے ریاست میں اموات کی شرح دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کم رہی ہے اور گزشتہ سال مارچ سے ریاست میں کورونا سے 7911 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست کی کانگریس حکومت پر ریاست میں لوگوں سے بہتر سلوک فراہم کرنے میں ناکام رہنے اور کورونا وائرس سے متاثرہ اموات کے اصل اعداد و شمار کو چھپانے کا الزام عائد کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔