دہلی میں فی الحال لاک ڈاؤن نہیں، ضرورت پڑی تو بازار بند کیے جا سکتے ہیں: ستیندر جین

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بدھ کے روز کہا کہ دہلی میں لاک ڈاؤن بالکل بھی نافذ نہیں ہوگا، یہاں اس کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ نیز، کچھ مقامی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں کورونا کی دھماکہ خیز صورت حال سے لوگوں میں دہشت پائی جا رہی ہے۔ انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور اب تو یہ عالم ہے کہ ہر گھنٹہ کورونا کے سبب لوگ جان گنوا رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی میں اگر کورونا کو قابو میں کرنا ہے تو فوری طور پر لاک ڈاؤن نافذ کر دینا چاہیے۔ تاہم وزیر صحت ستیندر جین نے دوہرایا ہے کہ دہلی میں فی الحال لاک ڈاؤں نافذ نہیں ہوگا اور اگر ضرورت پڑی تو بازار ضرورت بند کیے جا سکتے ہیں۔

قبل ازیں، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دہلی میں کورونا کے معاملوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو رہا ہے اس لئے محدود پیمانے پر لاک ڈاؤن کے بارے میں سوچا جا سکتا اور اس حوالہ سے دہلی حکومت نے مرکزی حکومت کو تجویز پیش کر دی ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ آئی سی یو بیڈ کی تعداد بڑھائی گئی ہے اور ڈاکٹروں کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔


دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بدھ کے روز کہا کہ دہلی میں لاک ڈاؤن بالکل بھی نافذ نہیں ہوگا، یہاں اس کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ نیز، کچھ مقامی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دہلی میں کورونا کی صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے۔ کورونا کے بے قابو حالات کے پیش نظر وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن میٹنگ میں جائزہ لے چکے ہیں۔ کورونا کے خلاف دہلی کو اس سے پہلے کامیابی حاصل ہو گئی تھی لیکن اس وبا کی تیسری لہر نے راجدھانی کا برا حال کر دیا ہے۔ کورونا کے نئے کیسز میں تو اضافہ ہو ہی رہا ہے اموات کا سلسلہ بھی لگاتار جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔