اس میں شبہ نہیں کہ ’آر ایس ایس کا پرچم‘ ایک دن قومی پرچم بنے گا: بی جے پی رکن اسمبلی

بی جے پی رکن اسمبلی ایشورپا کا کہنا ہے کہ ترنگا آئین کے مطابق قومی پرچم ہے، اس لیے ہم اسے وہ احترام دیتے ہیں جس کا یہ حقدار ہے، لیکن آر ایس ایس کے لوگ جب پوجا کرتے ہیں تو سامنے کیسریا پرچم ہوتا ہے۔

آر ایس ایس جھنڈا
آر ایس ایس جھنڈا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کو جلد از جلد ’ہندو راشٹر‘ بنانے کے لیے آر ایس ایس کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے ملتا ہے جب کہ آر ایس ایس سے جڑے لیڈران و کارکنان ہی نہیں بلکہ بی جے پی اراکین پارلیمنٹ و اراکین اسمبلی ہندو راشٹر کو لے کر متنازعہ بیانات دیتے ہیں۔ تازہ بیان کرناٹک حکومت میں سابق وزیر اور موجودہ رکن اسمبلی ایشورپا کا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی ایشورپا نے دعویٰ کیا ہے کہ آر ایس ایس کا پرچم ایک دن قومی پرچم بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیسریا پرچم قربانی کی علامت ہے۔ اس کا احترام آج یا کل سے شروع نہیں ہوا بلکہ ہزاروں سالوں سے اس کا احترام ہو رہا ہے۔‘‘

ایشورپا نے اپنے بیان میں آر ایس ایس کی تعریف بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ قربانی کے جذبہ کو پیدا کرنے کے لیے ہی آر ایس ایس کیسریا پرچم کے سامنے پوجا کرتا ہے۔ ترنگا پرچم ہماری آئین کے مطابق قومی پرچم ہے، اس لیے ہم اسے وہ احترام دیتے ہیں جس کا یہ حقدار ہے۔ لیکن آر ایس ایس سے جڑے لوگ جب پوجا کرتے ہیں تو سامنے کیسریا پرچم ہوتا ہے۔


یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایشورپا نے متنازعہ بیان دیا ہے۔ اس سے پہلے انھوں نے یوپی حکومت کے مدارس میں قومی ترانہ لازمی کرنے کے ایشو پر کہا تھا کہ اب جلد ہی اینٹی نیشنل، قومی ترانہ گاتے نظر آئیں گے۔ انھوں نے کہا تھا کہ دہشت گرد بنانے والے طبقات کو بھی جلد قومی ترانہ گاتے دیکھا جائے گا۔ ایشورپا اس وقت بھی سرخیوں میں آئے تھے جب انھوں نے کہا تھا کہ ملک میں 36 ہزار مندروں کو توڑ کر ان پر مسجدیں بنائی گئی ہیں۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندو قانونی طریقے سے سبھی 36 ہزار مندروں کو واپس لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔