کسان لیڈر راکیش ٹکیت پر پھینکی گئی سیاہی، پریس کانفرنس کے دوران ہنگامہ و تشدد

پریس کانفرنس شروع بھی نہیں ہوئی تھی کہ کچھ لوگوں نے وہاں پہنچ کر بحث کرنا شروع کر دیا، اس کے بعد ایک شخص نے اچانک سے کالی سیاہی نکال کر کسان لیڈر راکیش ٹکیت اور یدھویر پر پھینک دی۔

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھارتیہ کسان یونین لیڈر راکیش ٹکیت پر سیاہی پھینکے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج بنگلورو میں ایک تقریب کے دوران ان پر کسی نے یہ سیاہی پھینک دی۔ راکیش ٹکیت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے والے تھے، جب یہ واقعہ پیش آیا۔ اس کے بعد کسان لیڈر کے حامیوں نے اس شخص کو پکڑ کر خوب پٹائی کر دی۔ پریس کلب میں زبردست ہنگامہ اور تشدد کا ماحول بن گیا۔ حالات ایسے بن گئے کہ کئی لوگوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی اٹھا اٹھا کر پھینکنی شروع کر دی۔

دراصل کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں 30 مئی کو پریس کلب میں راکیش ٹکیت ایک مقامی چینل کے اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو پر صفائی دینے کے لیے پریس کانفرنس کرنے والے تھے۔ اس پریس کانفرنس میں یدھویر سنگھ بھی شامل تھے۔ اس سے پہلے کہ ٹکیت وہاں پر موجود میڈیا کے سوالوں کا جواب دینا شروع کرتے، ٹکیت سے ناراض ایک شخص نے ان کے ساتھ ساتھ یدھویر پر بھی سیاہی پھینک دی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی چینل کے اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو میں کرناٹک کے کسان لیڈر کوڈیہلی چندرشیکھر کو پیسے کا مطالبہ کرتے ہوئے قید کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو لے کر راکیش ٹکیت اور یدھویر عوام کو میڈیا کے ذریعہ سے وضاحت دینا چاہتے تھے کہ وہ اس میں شامل نہیں ہیں اور کسانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے والے کسان لیڈر کوڈیہلی چندرشیکھر کے خلاف مناسب کارروائی کی اپیل کرنے والے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ پریس کانفرنس شروع بھی نہیں ہوئی تھی کہ کچھ لوگوں نے وہاں پہنچ کر بحث کرنا شروع کر دی۔ اس کے بعد ایک شخص نے اچانک سے کالی سیاہی نکال کر کسان لیڈر راکیش ٹکیت اور یدھویر پر پھینک دی۔ اسی دوران ٹکیت حامیوں نے بھی ہنگامہ شروع کر دیا اور حال میں رکھی کرسیوں سے مارا ماری کرنے لگے۔ راکیش ٹکیت کے مطابق سیاہی پھینکنے والا شخص اور کانفرنس روم میں ہنگامہ کرنے والے لوگ چندرشیکھر کے ہی آدمی تھے۔ جیسے ہی پریس کانفرنس میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت سے کوڈیہلی چندرشیکھر کے بارے میں سوال کیا گیا، ویسے ہی مقامی کسان لیڈر کے حامیوں نے ٹکیت پر سیاہی پھینک دی۔ ٹکیت اتنا ہی جواب دے پائے تھے کہ ان کا کوڈیہلی چندرشیکھر سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ جب راکیش ٹکیت پر سیاہی پھینکی گئی تو پروگرام میں موجود ان کے حامی مشتعل ہو گئے۔ انھوں نے سیاہی پھینکنے والے شخص کو پکڑ لیا، اور پھر دونوں فریقین کے درمیان خوب مار پیٹ ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔