جھوٹ کا پلندہ ہے مدھیہ پردیش کا بجٹ: کمل ناتھ

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے شیوراج سنگھ چوہان حکومت کے ذریعہ منگل کو اسمبلی میں پیش کیے گئے سال 22-2021 کے عام بجٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت کے ذریعہ منگل کو اسمبلی میں پیش کیے گئے سال 22-2021 کے عام بجٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔ کمل ناتھ نے بجٹ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آج پیش مدھیہ پردیش حکومت کا بجٹ جھوٹ کا پلندہ، بے سمت، مایوس کن اور صرف اعداد و شمار کا دھوکہ ہے۔ امید تھی کہ اس بجٹ میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں سے عوام کو راحت دینے کے لیے ویٹ میں حکومت کمی کرے گی، رجسٹریشن فیس میں کمی ہوگی، کانگریس حکومت کی کسان قرض معافی منصوبہ کو آگے بڑھایا جائے گا، روزگار کے نئے مواقع کو لے کر منصوبہ بندی ہوگی، بدحال تعلیمی نظام اور صحت کے شعبہ میں کام کیا جائے گا، لیکن ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’ریاست میں بڑھتی بہن بیٹیوں سے درندگی کے واقعات کو روکنے کے لیے، سرکاری ملازمین کے لیے ڈی اے اور ڈی آر دینے کے لیے اور کورونا بحران میں تباہ معیشت کو دیکھتے ہوئے صنعت و کاروبار کو راحت فراہم کرنے کے لیے بھی کوئی کارگر اقدام نہیں کیے گئے۔‘‘


بجٹ سے متعلق اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کمل ناتھ نے مزید کہا کہ ’’حیرانی ہے کہ 15 سال اقتدار میں رہنے والی بی جے پی حکومت آج بھی ہر گھر مین نل سے پانی دینے کی ’جل جیون مشن یوجنا‘ کی بات کر رہی ہے۔ اندور-بھوپال میٹرو ٹرین کے لیے نامناسب رقم، ایک طرف سرکاری اسکولوں کو بند کرنے کی تیاری، وہیں 15 سال بعد بھی ہر طرح کی سہولت سے مزین اسکولوں کی ترقی کے جھوٹے خواب، کسانی-کھیتی کے لیے کچھ نہیں، نوجوانوں کے لیے، روزگار کے لیے کچھ نہیں، ایم ایس ایم ای کے لیے کچھ نہیں، ریاست میں سرمایہ بڑھانے کو لے کر کوئی منصوبہ بندی نہیں، فی کس گھٹی آمدنی اور شرح ترقی کو بڑھانے کے لیے کوئی کارگر قدم نہیں؟‘‘

سابق وزیر اعلیٰ نے آگے کہا کہ پرانے منصوبوں کو ہی واپس شامل کر گمراہ کرنے کی کوشش اس بجٹ میں کی گئی ہے۔ اس بجٹ میں نیا کچھ نہیں ہے، عوام کی امیدوں کے برعکس ہے یہ بجٹ!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔