ہریانہ میں مودی لہر نہیں بلکہ کھٹر مخالف لہر ہے، کانگریس کی ہوگی واپسی: بھوپندر ہڈا

ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مودی لہر کی وجہ سےکانگریس ہاری تھی لیکن ریاستی انتخابات میں کانگریس کی واپسی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سینئر رہنما اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا نے ایک چینل کے پروگرام میں یہ اعتراف کیا کہ عام انتخابات میں کانگریس مودی لہر کی وجہ سے ہار گئی تھی۔ انہوں نے کہا لیکن ہریانہ اسمبلی انتخابات میں ایسا نہیں ہوگا اور کانگریس کی واپسی ہوگی، کیونکہ عوام کھٹر حکومت سے ناخوش ہیں۔ اس تقریب میں انہوں نے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ کانگریس کا اس مدے سے اختلاف صرف اس کو ہٹائے جانے کے طریقہ سے ہے اور وہ اس طریقہ کار کی ہی مخالفت کر رہی ہے۔

اس پروگرام میں انہوں نے اپنے اوپر لگے زمین گھوٹالہ کے تعلق سے کہا کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور سیاست پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات اور اسمبلی انتخابات میں فرق ہوتا ہے، ریاست میں وزیر اعلی کھٹر کے خلاف لہر ہے کیونکہ ریاست میں ان کے دور حکومت کے دور میں نہ تو کوئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور نہ ہی اس حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام کھٹر حکومت سے پریشان ہو چکی ہے اور اب وہ دوبارہ کانگریس کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے۔


بھوپندر ہڈا نے کہا کہ کھٹر کے دور اقتدار میں ریاست پوری طرح بربادی کے دہانے پر ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور دلتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہریانہ میں دلتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، حکومت نے تمام فلاحی منصوبوں کو بند کر دیا ہے، کسانوں کے لئے کھٹر حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ حکومت نے کھاد کا کٹا (بوری) جو 800 روپے کا ملتا تھا اس کی قیمت بڑھا کر1400 روپے کر دی ہے۔ یہ کسان مخالف حکومت ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔