کورونا کے پیش نظر قوت مدافعت کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے: ڈاکٹر یاسمین

ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ اگر ہم صحیح غذا کا استعمال کریں گے اور موسم کے مطابق غذا کھائیں گے تو اس سے ہماری قوت مدافعت بڑھ جائے گی اور قوت مدافعت کے بڑھ جانے سے ہم کورونا انفکیشن کے خلاف لڑ سکتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: ماہر غذائیت اور گورنمنٹ ڈگری کالج نوا کدل سری نگر کے شعبہ ہوم سائنسز کی سربراہ ڈاکٹر یاسمین خان نے کورونا وبا کے بیچ قوت مدافعت کو بڑھانے کے لئے ایک آسان اور آسانی سے دستیاب ہونے والا نسخہ تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی لائف اسٹائل کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بیچ قوت مدافعت کو بڑھانے کے لئے لیمو، آملہ، قہوہ، سبز چائے، شہد، لہسن، ادرک اور سبزیوں کا خوب استعمال کرنا سب سے زیادہ مفید ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے خصوصی پروگرام 'سکون' کے دوران کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'کچھ ایسی غذائیں ہیں جن کو کورونا وبا کے دوران خاص طور پر استعمال کرنے سے ہماری قوت مدافعت بتدریج بڑھ جائے گی۔ ہمیں وٹامن سی والی غذائی چیزوں جیسے لیمو، آملہ، قہوہ، خاص کر دارچینی جس میں ڈالی جائے، گرین چائے، پپیتا، شہد، ہلدی، ادرک، لہسن اور سبزیاں خاص کر شملہ مرچ اور پالک کا خوب استعمال کرنا چاہیے'۔ ڈاکٹر یاسمین خان نے کہا کہ موجودہ حالات کے دوران ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لئے کم سے کم آدھے گھنٹے کی ورزش، پوری نیند اور مثبت غور و فکر کرنا بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائف اسٹائل کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور بازاری غذاؤں جیسے فاسٹ فوڈ وغیرہ سے مکمل طور پر پرہیز کیا جانا چاہیے۔ موصوفہ نے کہا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک وائرس ہے جو چیزوں پر چھ سے نو دنوں تک رہتا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ 'کووڈ 19 ایک خطرناک وائرس ہے یہ چیزوں جیسے چمچ، پلیٹ، ہینڈل خواہ وہ گاڑی کا ہو یا دروازے یا کھڑکی کا وغیرہ ان پر یہ وائرس چھ سے نو دنوں تک رہتا ہے اس کو ایک منٹ میں ہی ہاتھوں کو دھونے اور سینیٹائزیشن کرنے سے ختم کیا جاسکتا ہے'۔ ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ اگر ہم صحیح غذا کا استعمال کریں گے اور موسم کے مطابق غذا کھائیں گے تو اس سے ہماری قوت مدافعت بڑھ جائے گی اور قوت مدافعت کے بڑھ جانے سے ہم کورونا انفکیشن کے خلاف لڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوت مدافعت ہمارے جسم میں ایک قدرتی دفاعی نظام ہے جو انفیکشنز کو ختم کرنے کا کام کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔