کچھ لوگ سوچتے ہیں رام مندر بنانے سے کورونا وبا ختم ہو جائے گی: شرد پوار

ایک جانب خبریں ہیں کہ وزیر اعظم رام مندر کی بھومی پوجن کے لئے ایودھیا جانے والے ہیں دوسری جانب این سی پی رہنما نے سوال کیا ہے کہ کیا رام مندر بنانے سے وبا ختم ہو جائے گی۔

شرد پوار، فائل فوٹو
شرد پوار، فائل فوٹو
user

قومی آوازبیورو

این سی پی رہنما شرد پوار نے ایک بڑا بیان دیا ہے جس میں انہوں نے حکمراں پارٹی کی ترجیحات پر طنز کیا ہے۔ شرد پوار نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اگر یہ سوچتے ہیں کہ رام مندر تعمیر کرنے سے کورونا وبا ختم ہو جائے گی تو شائد انہوں نے یہ پروگرام (رام مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن کی تقریب) اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے طے کیا ہو۔

نیوز 18 پر شائع خبر کے مطابق شرد پوار نے مزید کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ حکومت کی ترجیحات کیا ہیں۔ کیا حکومت عوام کی اس وبا سے لڑنے میں مدد کرنا چاہتی ہے اور ان کی حفاظت کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں کورونا وائرس آج سب سے بڑا خطرہ ہے اور ریاست و مرکز دونوں کو اس کے خلاف لڑائی لڑنی چاہیے۔


واضح رہے کہ اس طرح کی خبریں ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی پانچ اگست کو صبح گیارہ بجے کے بعد رام مندر کی تعمیر کے لئے ہونی والی بھومی پوجن کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ شرد پوار کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کو وزیر اعظم کے اس پروگرام کے بارے میں علم ہے اور اسی کی روشنی میں انہوں نے یہ بیان دیا ہے۔ شرد پوار کے اس بیان پر ایک تنازعہ کھڑا ہو سکتا ہے۔

مہارشٹر حکومت کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شرد پوار کے کسی بھی بیان کو کوئی بھی سیاست داں ہلکے میں نہیں لیتا۔ اس پر شیو سینا کی جانب سے بیان آیا ہے کہ وہ رام مندر کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی سیاست میں نہیں پڑیں گے، کیونکہ یہ عقیدت کا معاملہ ہے۔ شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا ہے کہ شیو سینا پوری مندر تحریک میں پیش پیش رہی ہے اور وزیراعلی بننے کے بعد ادھو ٹھاکرے نے ایودھیا کا دورہ بھی کیا تھا۔


واضح رہے ایک لمبی قانونی لڑائی کے بعد گزشتہ نومبر میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ کے ذریعہ رام مندر کی تعمیر کے لئے راستہ صاف کر دیا تھا اور سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین دینے کے لئے کہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔