ڈرایئور کی موت پر کیجریوال کا بیان، کورونا کو کنٹرول کرنے میں مصروف ہیں سبھی ایجنسیاں

کیجریوال نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزام عائد کرنے کا نہیں ہے بلکہ سب کو مل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا ہے ۔

فائل تصویر نیشنل ہیرالڈ 
فائل تصویر نیشنل ہیرالڈ
user

یو این آئی

دہلی میں اتوار کی صبح متعدد علاقوں میں ہوئی تیز بارش اور نئی دہلی میں منٹو برج کے نیچے پانی جمع ہوجا نے سے ایک ڈرائیور کی اس میں پھنس کر موت ہوجانے کے واقعہ پر وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اس سال سبھی ایجنسیاں کورونا کنٹرول میں مصروف تھیں اور یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نہیں ہے۔

مسٹر کیجریوال نے اس واقعہ کے بعد ٹویٹ کیا،’’منٹو برج سے پانی نکال دیا گیا ہے۔آج صبح سے ہی میں ایجنسیوں کے رابطہ میں تھا اور وہاں سے پانی ہٹانے کے عمل کو مانیٹر کررہا تھا۔دہلی میں ایسے اور بھی مقامات پر ہم نظر رکھے ہوئے ہیں۔جہاں پر بھی پانی جمع ہوا ہے اسے فوری طور پر پمپ کیا جارہا ہے۔


وزیراعلیٰ نے آگے لکھا،’’اس سال سبھی ایجنسیاں ،چاہے وہ دہلی حکومت کی ہوں یا ایم سی ڈی کی،سبھی کورونا کو قابو کرنے میں مصروف ہیں۔کورونا کی وجہ سے انہیں بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔یہ وقت ایک دوسرے پر الزام عائد کرنے کا نہیں ہے۔سب کو مل کر اپنی ذمے داریاں ادا کرنی ہیں۔جہاں جہاں پانی جمع ہوگا،ہم اسے فوراً نکالنے کی کوشش کریں گے۔

اس سے پہلے موقع پر پہنچے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر جے پرکاش نے اس حادثہ کے لئے دہلی حکومت کو قصوروار ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حادثے اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک کہ دہلی حکومت اپنا غیر ذمے دارانہ رویہ نہیں چھوڑ دیتی۔


میئر نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور متوفی کے اہل خانہ کے لئے امدادی رقم کا اعلان کرنا چاہئے۔حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔