دہلی دیہات میں لوگوں سے زمین چھیننے کی سازش ہو رہی، ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے: راہل گاندھی

دہلی دیہات کے کچھ لوگوں نے راہل گاندھی سے ملاقات کے دوران بتایا کہ دہلی کے سرحدی گاؤں کی زمینیں چھیننے کی سازش چل رہی ہے۔ مودی حکومت ڈیولپمنٹ کے نام پر غریبوں کا حق چھین رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی دیہات کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے آج ’جَن سنسد‘ میں دہلی دیہات کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دیہی دہلی کے کچھ لوگوں نے اپنی زمینوں سے متعلق کچھ اہم مسائل راہل گاندھی کے سامنے رکھے اور بتایا کہ مودی حکومت کس طرح سازش کے تحت زمینوں پر قبضہ کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ان کی باتیں انتہائی سنجیدگی کے ساتھ سنیں اور پارٹی کی طرف سے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ضروری قدم اٹھانے کی یقین دہانی کی۔

4 دسمبر کو ہوئی اس ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ دہلی دیہات میں زمین چھیننے کی سازش ہو رہی ہے، جس کے خلاف وہ لڑائی لڑیں گے اور پارلیمنٹ میں بھی اس موضوع کو اٹھائیں گے۔ اس ملاقات کی ویڈیو اور کچھ تصویریں کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہیں اور عزم ظاہر کیا ہے کہ دہلی دیہات کے لوگوں کی لڑائی پوری طاقت کے ساتھ لڑی جائے گی۔


راہل گاندھی اور دہلی دیہات کے نمائندوں کی ملاقات کی ویڈیو کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’راہل گاندھی نے ’جَن سنسد‘ میں دہلی دیہات کے نمائندوں سے ملاقات کر ان کے مسائل سنے۔ نمائندوں نے بتایا کہ دہلی کے سرحدی گاؤں کی زمینیں چھیننے کی سازش چل رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’یو پی اے حکومت کسانوں کے مفاد میں حصول اراضی قانون لائی تھی، لیکن آج مودی حکومت ڈیولپمنٹ کے نام پر غریبوں کا حق چھین رہی ہے۔‘‘ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں پارٹی نے بتایا کہ ’’راہل گاندھی نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اور دہلی دیہات کے ہر شہری کو انصاف دلا کر رہیں گے۔‘‘

کانگریس نے ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں اس ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ اس پوسٹ کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’مودی حکومت قوانین کو درکنار کر دہلی کی سرحد پر بسے گاؤں کی زمینیں چھیننے کی سازش کر رہی ہے، جو کہ بے حد فکر انگیز ہے۔ حکومت یاد رکھے کہ زمین صرف ایک ٹکڑا نہیں، بلکہ لوگوں کی شناخت، وراثت اور زندگی کی بنیاد ہے۔‘‘ اس میں آگے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ہم لوگوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ ہم لڑیں گے اور انھیں ان کا حق دلا کر رہیں گے۔‘‘


کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ یو پی اے حکومت نے کسانوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے مضبوط حصول اراضی قانون بنایا تھا، جو ان کی خواہش اور معاوضہ دونوں کا خیال رکھتا ہے۔ آج اس قانون کو درکنار کر ’لینڈ پولنگ‘ جیسی پالیسیوں سے دیہی عوام کو ان کی زمین، روزگار اور مستقبل سے دور کیا جا رہا ہے۔ یہ عمل کبھی دباؤ سے اور کبھی دھوکے سے انجام دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ کسانوں، دیہی عوام، غریبوں کے آئینی حقوق چھیننے کی یہ کوشش کسی بھی حال میں کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ یہ صرف زمین نہیں، یہ ان کی پہچان، تاریخ اور زندگی کی بنیاد ہے۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میں اس ایشو کو پارلیمنٹ میں زوردار طریقے سے اٹھاؤں گا اور دہلی دیہات کے ہر شہری کو انصاف دلا کر ہی رہوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔