بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ پر الزام لگانے والی متاثرہ نے دم توڑا، گھر والوں نے جانچ پر اٹھائے سوال

گھوسی سیٹ سے رکن پارلیمنٹ اتل رائے پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ نے دم توڑ دیا، اس سے قبل متاثرہ اور اس کے ساتھی نے سپریم کورٹ کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی تھی۔

اتل رائے، تصویر آئی اے این ایس
اتل رائے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اتل رائے کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کرانے والی 24 سالہ متاثرہ نے کل دم توڑ دیا۔ اس سے پہلے 16 اگست کو متاثرہ اور اس کے ساتھی نے سپریم کورٹ کے سامنے خود کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی اور متاثرہ کے ساتھی کا 21 اگست کو انتقال ہو گیا تھا، جبکہ خود متاثرہ کا کل انتقال ہوگیا، خود سوزی کے بعد دونوں کا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔

خبر کے مطابق غازی پور ضلع کی طالبہ اپنے ایک دوست کے ساتھ 16 اگست کو دہلی آئی تھی۔ اسی دن خود کو آگ لگانے سے پہلے انہوں نے فیس بک پر ایک لایئو ویڈیو کیا، جس میں متاثرہ نے پولیس افسران اور عدلیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ اتل رائے کے خلاف سال 2019 میں عصمت دری کا معاملہ درج کرایا تھا۔


روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ سے بات کرتے ہوئے بلیا میں رہنے والے متاثرہ کے والدین نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ دہلی کب گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس نے ہمیں اپنے معاملے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ ہم اس کی مدد کرنا چاہتے تھے لیکن اس نے کہا کہ وہ سنبھال لے گی۔ رکن پارلیمنٹ اور ان کے ساتھی 2019 سے اسے پریشان کر رہے تھے، وہ چاہتے تھے کہ ہم کیس واپس لے لیں، لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ ان کے پاس کچھ ویڈیو تھے اور ہمیں دھمکایا تھا، لیکن ہماری بیٹی نے کہا کہ وہ لڑے گی۔ وہ گھر پر ہی تھی لیکن کبھی پولیس پوچھ تاچھ کے لئے نہیں آئی۔‘‘

دوسری جانب اتر پردیش حکومت نے معاملہ کی جانچ کے لئے کمیٹی تشکیل کر دی ہے۔ واضح رہے متاثرہ نے سال 2019 میں بی ایس پی رکن پارلیمنٹ اتل رائے پر عصمت دری کا الزام لگاتے ہوئے وارانسی کے لنکا تھانہ میں کیس درج کرایا تھا۔ خبر کے مطابق متاثرہ کا الزام تھا کی اتل رائے نے اپنے فلیٹ میں اس کے ساتھ عصمت دری کی تھی اور ویڈیو بنا لیا تھا۔ واضح رہے اس معاملہ میں رکن پارلیمنٹ اتل رائے جیل میں بند ہیں۔


رکن پارلیمنٹ کے بھائی پون کمار سنگھ نے مجسٹریٹ کی عدالت میں متاثرہ اور اس کے ساتھی کے خلاف گروہ بنا کر ہنی ٹریپ اور جال سازی کی شکایت کی تھی۔ پون نے الزام لگایا تھا کہ دونوں مل کر سیاست سے جڑے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا کر پیسہ وصولی کر تے ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے متاثرہ اور اس کے ساتھی کے خلاف کارروائی شروع کر دی تھی۔ دونوں نے بعد میں سپریم کورٹ کے سامنے خود سوزی کرنے کی کوشش کی تھی جس میں دونوں بری طرح جھلس گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔