"ایک نیوکلیائی بم سے امریکہ نے جاپان کو ہلایا تھا، اب اکالی دل کے بم نے پی ایم مودی کو ہلا دیا"

اکالی دل لیڈر سکھبیر سنگھ بادل کا کہنا ہے کہ "دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکہ نے جاپان کو ایک نیوکلیائی بم سے ہلا دیا تھا۔ اکالی دل کے ایک بم نے پی ایم مودی کو ہلا دیا ہے۔"

تصویر بذریعہ ’نوجیون‘
تصویر بذریعہ ’نوجیون‘
user

تنویر

زرعی بل کے خلاف اپوزیشن پارٹیاں تو مودی حکومت کے خلاف محاذ کھول ہی چکی ہیں، این ڈی اے میں شامل اکالی دل لیڈران بھی اب کھل کر پی ایم مودی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ زرعی بلوں کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے شرومنی اکالی دل کی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے مودی کابینہ سے کچھ دن پہلے استعفیٰ دے دیا تھا، اور آج شرومنی اکالی دل کے سرکردہ لیڈر سکھبیر سنگھ بادل نے پنجاب کے مکتسر میں مودی حکومت پر زوردار انداز میں طنز کے تیر چلائے۔

اپنے ایک بیان میں سکھبیر سنگھ بادل نے کہا ہے کہ "دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکہ نے جاپان کو ایک ایٹومک بم (نیوکلیائی بم) سے ہلا دیا تھا۔ اکالی دل کے ایک بم (ہرسمرت کور بادل کا استعفیٰ) نے پی ایم مودی کو ہلا دیا ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "دو مہینوں سے کوئی بھی کسان پر ایک لفظ نہیں بول رہا تھا، لیکن اب 5-5 وزراء اس پر بول رہے ہیں۔"


واضح رہے کہ زرعی بل پارلیمنٹ سے پاس ہو چکا ہے، لیکن اپوزیشن پارٹیاں، خصوصی طور پر کانگریس کسانوں کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی ہے۔ 25 تاریخ کو ملک گیر بند کو بھی کانگریس نے حمایت دی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی کسانوں کے حق میں آواز بلند کی۔

دوسری طرف کسان بل کے خلاف پنجاب-ہریانہ کے کسانوں نے تو لمبی لڑائی کا عزم کر لیا ہے۔ کسان بل کے خلاف تین دنوں کے لیے پنجاب بند کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ کسانوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ زرعی بلوں کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */