دہلی میں بجا کارپوریشن انتخابات کا بگل، آج شام 5 بجے ہوگا تاریخوں کا اعلان

پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا جوش ابھی تھما نہیں تھا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا بگل بج گیا ہے، الیکشن کی تاریخوں کا اعلان آج شام 5 بجے کیا جائے گا

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پانچ ریاستوں کے نتائج کا اب بے صبری سے انتظار ہے۔ اس دوران دہلی میں ایک نیا انتخابی بگل بج گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آج شام 5 بجے بلدیہ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔ دہلی کے ریاستی الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ یوں تو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کب ہوگا اس بارے میں مسلسل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ لیکن اب ریاستی الیکشن کمیشن نے تاریخوں کے اعلان کے حوالے سے اپنا حتمی خاکہ بھی تیار کر لیا ہے۔

کمیشن کے افسران کی منگل کی شام کو منعقد ہونے والی میٹنگ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ایم سی ڈی انتخابات کا اعلان آج یعنی بدھ کو کیا جائے گا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ انتخابات اپریل میں کرانے کی تجویز ہے۔


الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس الیکشن میں تقریباً ایک لاکھ ملازمین انتخابی عمل کو مکمل کرانے پر مامور ہوں گے۔ 272 وارڈوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے لیے 72 ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے، جو آئی اے ایس اور دہلی کیڈر کے سینئر افسران ہوں گے۔

تمام وارڈز کے لیے 272 اے آر اوز بھی بنائے جائیں گے۔ ان کے علاوہ 72 عام مبصرین بھی ہوں گے، جو پورے عمل کی نگرانی کریں گے۔ ہر وارڈ کے لیے ایک ایکسپینڈیچر آبزرور بھی ہوگا، جو امیدواروں کے اخراجات پر کڑی نظر رکھے گا۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے انڈین ریونیو سروس کے کچھ افسران سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ اس بات کی نگرانی کی جا سکے کہ انتخابات میں پیسے کا غلط استعمال تو نہیں ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی سے باہر کی ریاستوں کے سینئر افسران کو بھی خصوصی مبصر بنایا جائے گا۔


انتخابات کے لیے ساڑھے پندرہ ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ اس الیکشن کے لیے 60 ہزار ووٹنگ مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان میں سے نصف یعنی 30000 بیلٹ یونٹ ہوں گے اور صرف 30000 کنٹرول یونٹ ہوں گے۔ یہ تمام ووٹنگ مشینیں بہار کے 12 اضلاع سے بلدیاتی انتخابات کے بعد منگوائی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق ان تمام مشینوں کی ایف ایل سی یعنی فرسٹ لیول چیکنگ بھی کر لی گئی ہے۔

ووٹنگ کے علاوہ ریاستی الیکشن کمیشن نے اس بات پر بھی فیصلہ لے لیا ہے کہ گنتی کے مراکز کتنے اور کہاں ہوں گے۔ دہلی میں اپریل کے دوسرے ہفتے میں انتخابات کا امکان ہے اور ووٹوں کی گنتی 15 اپریل سے پہلے 38 مراکز پر کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔