’سماجی انصاف پینل چاہتا ہے کہ کانگریس میں ٹرانس جینڈر کو جوڑا جائے‘

سماجی انصاف کے پینل کے سربراہ سلمان خورشید نے بتایا کہ اس پینل کے 70 لوگوں نے مختلف تجاویز پیش کیں اور ان سب پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔

نوسنکلپ شیور، تصویر قومی آواز/ ویپن
نوسنکلپ شیور، تصویر قومی آواز/ ویپن
user

سید خرم رضا

ادے پور میں جاری کانگریس کے ’نوسنکلپ شیور‘ میں آج دوسرے دن بھی مختلف پینل کے اراکین مختلف تجاویز پر غورو خوص کرتے رہے۔ وہ تجاویز اور اپنی رائے کو صحافیوں کے ساتھ ساجھا بھی کرتے رہے۔ آج صبح کے وقت جہاں اقتصادی پینل کے سربراہ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، وہیں زراعت اور سماجی انصاف کے پینل نے بھی اپنی رائے صحافیوں کے سامنے رکھی۔ زراعت کے پینل نے کسانوں کے مسائل اٹھاتے ہوئے ایم ایس پی پر زور دیا۔ شام کو سماجی انصاف کے پینل نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سے سفارش کریں گے کہ کانگریس سماجی انصاف مشاورتی کونسل کی تشکیل دے۔

سماجی انصاف کے پینل کے سربراہ سلمان خورشید نے بتایا کہ اس پینل کے 70 لوگوں نے مختلف تجاویز پیش کیں اور ان سب پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو بھی سفارشات یہ پینل فائنل کرے گا اس کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے پاس منظوری کے لئے بھیجیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام تجاویز پر بہت سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔


اس موقع پر پینل کے رکن اور ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کے انچارج راجو نے کچھ سفارشات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا پینل یہ سفارش کرے گا کہ کمزور طبقات کے معاملوں پر غور کرنے کے لئے ایک ’سماجی انصاف مشاورتی کونسل‘ تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پینل اس بات کی سفارش کرے گا کہ کانگریس کی ہر کمیٹی میں دلتوں، قبائلی ذاتوں، پسماندہ ذاتوں اور اقلیتوں کی پچاس فیصد نمائندگی ہو۔

راجو نے کہا کہ ان کا پینل اس حق میں ہے کہ پبلک سیکٹر و انڈرٹیکنگ میں ریزرویشن لاگو ہو، کیونکہ سرکاری نوکریوں میں زبردست کمی ہو گئی ہے جس کی وجہ سے کمزور طبقات بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پینل جہاں خواتین ریزرویش بل کو لاگو کرنے کے لئے سفارش کرے گا وہیں وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ ریزرویشن ملنے والی تمام ذاتوں کو یکساں ریزرویشن کے فائدے ملنے چاہئے اور اس کے لئے وہ اس تجویز کو بھی پیش کریں گے کہ ذاتوں کے اندر بھی ریزرویش کو یقینی بنایا جائے۔


اس موقع پر اس پینل کی سینئر رکن اور سابق مرکزی وزیر کماری شیلجا نے کہا کہ پینل میں بہت اچھی تجاویز آئی ہیں اور پینل ان تمام تجاویز پر غور کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا پینل اس پر بھی غور کر رہا ہے کہ ٹرانس جینڈر کو کس طرح پارٹی سے جوڑا جائے۔ یہ پہلی بار ہے کہ کسی پارٹی نے ٹرانس جینڈر کے بارے میں بات کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔