’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعرہ پورے ملک میں پھیل چکا، اسے مزید اثرانداز طریقے سے ثابت کریں گے: راہل گاندھی
ہرچند پور اسمبلی کے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مہاراشٹر اور کرناٹک میں ’ووٹ چوری‘ کے واقعات کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور کرناٹک انتخابات میں ووٹ چوری کے ثبوت موجود ہیں۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بدھ کے روز اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے 2 روزہ دورے پر پہنچے۔ علاقے میں ایک تقریب کے مقام پر پہنچنے سے قبل صحافیوں سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ’’ہمارا کلیدی نعرہ ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ ہے، اور یہ پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔ آنے والے وقت میں ہم اسے بار بار مزید اثرانداز طریقے سے ثابت کریں گے۔‘‘
ددولی میں ہرچند پور اسمبلی کے پارٹی کارکنان کے ساتھ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مہاراشٹر اور کرناٹک میں ’ووٹ چوری‘ کے واقعات کا ذکر کیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے بعد ہوئے مہاراشٹر اور کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ چوری کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ ایک رپورٹ میں راہل گاندھی کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’مہاراشٹر میں کانگریس اور انڈیا بلاک لوک سبھا میں جیتا، پھر 4 ماہ بعد اسمبلی میں صفایا ہو گیا۔ جب ہم نے جانچ کی تو پتہ چلا کہ لوک سبھا انتخاب کے بعد تقریباً ایک کروڑ نئے ووٹرس الیکشن سسٹم میں شامل ہوئے تھے۔ ہمارے اور ہمارے ساتھیوں کے ووٹ وہی رہے، لیکن سبھی نئے ووٹ بی جے پی کو ملے۔‘‘
بی جے پی پر ووٹ چرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ایسے واقعات صرف بنگلورو یا مہاراشٹر تک ہی محدود نہیں ہے۔ اتر پردیش، ہریانہ، مدھیہ پردیش اور گجرات میں بھی یہی بڑے پیمانے پر ہوا ہے۔ دھیرے دھیرے ہم آپ کے سامنے سارے ثبوت پیش کر رہے ہیں۔ بہار میں اپنے حالیہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ وہاں بھی بے ضابطگیاں دیکھی گئیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’’کچھ لوگ تو زندہ ہیں، ان کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ ریکارڈ میں انھیں زندہ نہیں مانا جا رہا ہے۔‘‘
اس درمیان اتر پردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے نے کہا کہ راہل گاندھی کے دورہ سے پارٹی کارکنان اور ریاستی عوام میں نیا جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج لوگوں میں جوش اور خوشی کی لہر ہے۔ ہمارے لیڈر نے ملک میں ہو رہی ووٹ چوری کا پوری طرح سے پردہ فاش کر دیا ہے۔ پورا ملک ان پر فخر محسوس کر رہا ہے۔‘‘ کانگریس کی ضلع یونٹ کے صدر پنکج تیواری نے بتایا کہ راہل گاندھی نے سب سے پہلے ہرچند پور میں پارٹی کے سابق عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد انھوں نے گورا بازار چوراہے پر اشوک ستون کا افتتاح کیا اور شہر کے ایک ہوٹل میں پرجاپتی طبقہ کے اراکین سے بات چیت کی۔ بعد ازاں راہل گاندھی منریگا کے تحت بنے ایک پارک کا جائزہ لینے کے لیے مولیہا مئو گاؤں گئے۔ بوقت شام انھوں نے اونچاہار اسمبلی حلقہ کے بوتھ سطح کے کارکنان سے ملاقات کی۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ اونچاہار واقع این ٹی پی سی مہمان خانہ میں وہ رات گزاریں گے۔ جمعرات کو وہ کانگریس لیڈران اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔