جمنا میں سیلاب سے حالات بے قابو، لیکن سوربھ بھاردواج اور پرویش ورما دے رہے غیر ذمہ دارانہ بیانات: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے رہنے اور کھانے کا انتظام حکومت کی جانب سے کیا جانا چاہیے اور جمنا کی آبی سطح کم ہونے کے بعد لوگوں کے نقصانات کا جائزہ لے کر معاوضہ کا اعلان کرنا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرتے ہوئے دیویندر یادو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج اپنے بیان میں کہا کہ ’’دہلی عآپ صدر سوربھ بھاردواج کہتے ہیں کہ دہلی میں سیلاب آ ہی نہیں سکتا، اور جب بحران آیا تو وہ دہلی سے باہر ہیں۔ کیا وہ 2023 میں دہلی میں آنے والے سیلاب کو بھول گئے ہیں؟‘‘ دیویندر یادو نے بی جے پی لیڈر پرویش ورما کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پرویش ورما چند مقامات پر جا کر غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ابھی سیلاب کے حالات نہیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ صورتحال سنگین ہو چکی ہے اور جمنا کے اطراف کی بستیوں اور دیہاتوں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ اس مشکل وقت میں ان کا یہاں موجود ہونا ضروری تھا۔‘‘

دیویندر یادو نے آج سیلاب متاثرہ جمنا بازار علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات بھی کی۔ یہ علاقہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی رہائش سے صرف 2 کلومیٹر دور، نائب گورنر کے گھر سے 2.5 کلومیٹر دور اور اسمبلی سے 3 کلومیٹر دور ہے۔ جب ان قریبی مقامات پر ہی صورتحال خطرناک ہے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جمنا کے کنارے بستیوں میں کیا حالات ہوں گے۔ اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ مشکل وقت میں کانگریس سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔


سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے دیویندر یادو کے ہمراہ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھاردواج، ضلعی صدر مرزا جاوید، سابق کونسلر اشوک جین، ضلعی مبصر ڈاکٹر پی کے مشرا، سوشل میڈیا چیئرمین راہل شرما، محمد عثمان، اجے کمار لالو، راہل ڈبلا، بلاک صدر منظور ملک، سنجے یادو، اجے کمار، راجو پوری، محمد عاصم اور مہندر منگلا موجود تھے۔

جمنا میں سیلاب سے حالات بے قابو، لیکن سوربھ بھاردواج اور پرویش ورما دے رہے غیر ذمہ دارانہ بیانات: دیویندر یادو

بہرحال، دیویندر یادو نے الزام لگایا کہ سیلاب متاثرین کے بچاؤ اور ان کے رہنے سہنے اور کھانے پینے کے انتظام میں بھی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جو تیاری پہلے سے ہونی چاہیے تھی، اس پر عمل نہیں ہوا۔ وزیر اعلیٰ بعد میں بیان دیتی ہیں کہ ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ میں پوچھتا ہوں کہ جب دہلی تباہ ہو جائے گی تو پھر حکومت کس کو بچانے آئے گی؟ وزیر اعلیٰ کو تصویریں کھنچوانے کے بجائے افسران کو عملی ہدایات دینی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی میں سیلاب کے لیے پوری طرح حکومت ذمہ دار ہے۔ وقت پر اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم جولائی سے ہی بار بار بی جے پی حکومت کو خبردار کر رہے تھے کہ جمنا کنارے رہنے والے لوگوں کے بروقت انخلا کا انتظام کیا جائے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ متاثرہ افراد کے کھانے پینے کا انتظام کرے اور پانی اترنے کے بعد نقصان کے ازالہ کے لیے معاوضے کا اعلان کیا جائے۔ دیویندر یادو کے مطابق لوگوں نے بتایا کہ 2023 کے سیلاب کے نقصانات کا معاوضہ بھی عآپ حکومت نے آج تک متاثرین کو نہیں دیا۔ یہ حکومت کی ناکامی ہے کیونکہ بروقت انتظامات نہیں کیے گئے۔

جمنا میں سیلاب سے حالات بے قابو، لیکن سوربھ بھاردواج اور پرویش ورما دے رہے غیر ذمہ دارانہ بیانات: دیویندر یادو

اس درمیان صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آج 14 اضلاع کی 258 بلاک کانگریس کمیٹیوں میں تنظیم سازی مہم کے تحت ماہانہ اجلاس ہوئے۔ ان اجلاس میں ضلعی صدور اور مبصرین بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس کارکنان نئی توانائی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے و اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کا پیغام ہر ووٹر تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی ’ووٹرس ادھیکار یاترا‘ عوامی تحریک بن چکی ہے، جس نے دہلی میں بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی سازباز کو بے نقاب کر دیا۔ ساتھ ہی دہلی کانگریس صدر نے اعلان کیا کہ ووٹ چوری کے خلاف جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔ آئندہ کسی بھی الیکشن میں ایک ووٹ بھی چوری نہیں ہونے دیا جائے گا اور کانگریس جمہوریت و دستور کی مکمل حفاظت کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔