ہریانہ حکومت لاکھوں کیوسک پانی چھوڑ کر دہلی میں سیلاب والی حالت پیدا کر رہی اور ریکھا حکومت خاموش تماشائی: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’راجدھانی دہلی میں سیلاب کے خطرے کو دیکھتے ہوئے حکومت کو جمنا کے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی کی دہلی حکومت کی جمنا میں بڑھتے پانی کے تئیں بے حسی کے باعث دہلی ایک بار پھر سیلاب میں ڈوبنے کی دہلیز پر کھڑی ہے۔ کیونکہ کل (31 اگست) کو جمنا نے خطرے کے نشان 204.50 میٹر کو پار کر کے 205.33 میٹر کی سطح پر بہنا شروع کر دیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جمنا کا پانی گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل شدید بارش کی وجہ سے بڑھ رہا ہے، جس پر ریکھا گپتا حکومت پوری طرح سے غیر فعال نظر آ رہی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جمنا کے قریبی علاقوں میں حکومت نے سیلاب سے بچاؤ کے پختہ انتظامات نہیں کیے ہیں۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ہر یانہ حکومت نے جمنا نگر، کرنال، سونی پت کے علاقوں میں الرٹ جاری ہونے کے بعد بھی ہتھنی کنڈ سے لاکھوں کیوسک پانی دہلی میں تباہی مچانے کے لیے چھوڑ کر مکمل طور سے بے رحمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہتھنی کنڈ کے تمام دروازے کھول کر 31 اگست کو رات 2 بجے 1.65 لاکھ کیوسک، صبح 4 بجے 1.65 لاکھ کیوسک، صبح 6 بجے 1.95 لاکھ کیوسک اور صبح 7 بجے 2.72 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ دہلی میں لاکھوں کیوسک پانی اگلے 24 گھنٹوں میں پہنچنے کے بعد دہلی میں سیلاب کا پورا امکان بن چکا ہے، کیونکہ حکومت کسی بھی طرح سے اس سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظام نہیں کر رہی ہے۔


دیویندر یادو نے کہا کہ ہتھنی کنڈ سے پانی چھوڑنے سے پہلے ہریانہ حکومت کو دہلی حکومت سے بات کرنی چاہیے تھی، جبکہ دہلی کی ریکھا گپتا حکومت نے بھی دہلی میں لاکھوں کیوسک پانی چھوڑنے کے سلسلے میں ہریانہ حکومت سے کوئی بات نہیں کی کہ اچانک اتنی بڑی مقدار میں پانی نہ چھوڑا جائے، کیونکہ دہلی میں جمنا پہلے ہی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمۂ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں میں بھاری بارش ہوتی ہے اور 72 گھنٹوں میں ہتھنی کنڈ سے چھوڑا گیا پورا پانی دہلی پہنچا تو دہلی کو سیلاب میں ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

دیویندر یادو نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں سیلاب کے خطرے کو دیکھتے ہوئے حکومت کو جمنا کے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہ دہلی کی بدقسمتی رہی ہے کہ انتظامیہ ہمیشہ مصیبت بڑھنے کے بعد جاگتی ہے۔ 2023 میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے بھی دہلی میں آئے سیلاب سے پہلے کوئی انتظام نہیں کیا تھا، جس کے باعث جمنا کنارے رہنے والے لوگوں کے گھر اور مویشی پوری طرح برباد ہو گئے تھے۔


دیویندر یادو نے کہا کہ ابھی 10 دن قبل جب جمنا کا پانی بڑھا تو وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے جمنا بازار میں پانی گھسنے کے بعد انتظامات بہتر بنانے کے بجائے صرف تصویر کھنچوائی، کوئی پختہ ہدایت جاری نہیں کی۔ ہتھنی کنڈ سے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑنے کے بعد اگلے ایک دو دنوں میں دہلی ممکنہ سیلاب سے متاثر ہو سکتی ہے۔ دیویندر یادو نے کانگریس پارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا کہ دہلی حکومت فوری طور پر تمام ممکنہ متاثرہ علاقوں میں کشتیاں، پمپ، ریلیف کا سامان اور صحت کیمپ کی مناسب سہولت فراہم کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔