بڑھ رہا کورونا کا خطرہ، گزشتہ 24 گھنٹے میں 797 نئے کیسز درج، ’جے این 1‘ کے 145 معاملے

گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 797 مریض سامنے آئے ہیں جو کہ گزشتہ تقریباً 7 ماہ میں ایک دن میں سامنے آئے سب سے زیادہ مریض ہیں۔

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعہ کے روز گزشتہ 24 گھنٹوں کا جو ڈاٹا جاری کیا ہے اس کے مطابق 797 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ تقریباً سات ماہ بعد ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں کورونا کے مریضوں کا پتہ چلا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے پانچ لوگوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔ اب ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 4091 ہو گئے ہیں۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ کورونا کے نئے ویریئنٹ جے این 1 کا خطرہ بھی ملک میں بڑھتا جا رہا ہے۔ جمعرات تک جے این 1 سے متاثر مریضوں کی تعداد 145 تک پہنچ گئی ہے۔ جے این 1 کے مریضوں کی یہ تعداد 21 نومبر سے لے کر 18 دسمبر کے درمیان کا ہے۔ اس سے قبل ملک میں کورونا کے 865 معاملے ایک دن میں 19 مئی کو درج کیے گئے تھے۔ اس کے بعد سے ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں لگاتار گراوٹ دیکھی گئی، لیکن 5 دسمبر کے بعد سے پھر سے کورونا کے معاملے بڑھنے شروع ہو گئے اور اب پھر یہ فکر انگیز طور سے رفتار پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے جو مریض ہلاک ہوئے ہیں، ان میں دو کیرالہ اور ایک ایک مریض مہاراشٹر، پڈوچیری و تمل ناڈو سے ہے۔


جن ریاستوں میں کورونا کے سب سے زیادہ فعال مریض ملے ہیں، ان میں کیرالہ، مہاراشٹر، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے نام شامل ہیں۔ کیرالہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 277 فعال مریض ملے ہیں۔ علاوہ ازیں کرناٹک میں 89، مہاراشٹر میں 104 اور آندھرا پردیش میں 22 فعال مریض ملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔