بہار انتخاب کے نتائج کا لالو یادو پر ہوا گہرا اثر، ڈاکٹر نے دی جانکاری!

چارہ گھوٹالہ معاملہ میں سزا یافتہ آر جے ڈی سربراہ لالو یادو ان دنوں رانچی کے ریمس میں علاج کرا رہے ہیں۔ اس سے قبل لالو پرساد کی ضمانت عرضی کو عدالت نے 27 نومبر تک ملتوی کر دیا تھا۔

لالو پرساد یادو، فائل فوٹو
لالو پرساد یادو، فائل فوٹو
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کو مہاگٹھ بندھن نے سخت ٹکر ضرور دی، لیکن این ڈی اے کسی طرح 125 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ مہاگٹھ بندھن کے لیے اچھی خبر یہ رہی کہ سب سے بڑی پارٹی کی شکل میں آر جے ڈی سامنے آئی جسے 75 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ لیکن مہاگٹھ بندھن کو اکثریت نہ ملنے کے سبب پارٹی میں مایوسی ہے اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پر بھی اس شکست کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق لالو پرساد کا علاج کر رہے ڈاکٹر امیش پرساد نے جانکاری دی ہے کہ وہ منگل کے روز انتہائی فکرمند اور مایوس نظر آئے اور یقینی طور پر اس کی وجہ بہار میں مہاگٹھ بندھن کو اکثریت حاصل نہیں ہونا ہے۔ ڈاکٹر امیش یادو سے جب یہ سوال کیا گیا کہ بہار کے نتائج پر لالو پرساد کا کیا رد عمل سامنے آیا ہے، تو انھوں نے کہا کہ ’’لالو آج صبح کے بعد سے کافی مایوس اور فکرمند ہیں، جو کہیں نہ کہیں بہار انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کے پچھڑنے کا ہی اثر ہے۔‘‘


کچھ خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ لالو پرساد مہاگٹھ بندھن کو اکثریت نہ ملنے سے اس قدر مایوس ہیں کہ انھوں نے جیل آئی جی کے ذریعہ پہلے سے اجازت ملے لوگوں سے ملاقات کرنے سے بھی منع کر دیا۔ لالو پرساد کی یہ مایوسی لازمی بھی ہے کیونکہ تقریباً سبھی ایگزٹ پول نے مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کا اشارہ دیا تھا اور تیجسوی کو بطور وزیر اعلیٰ پیش کیا جا رہا تھا۔ لیکن جب نتائج برآمد ہوئے تو مہاگٹھ بندھن اکثریت کے لیے ضروری سیٹوں سے 12 نمبر دور رہ گیا۔

قابل ذکر ہے کہ چارہ گھوٹالہ معاملہ میں سزا یافتہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو ان دنوں رانچی کے ریمس میں علاج کرا رہے ہیں۔ اس سے قبل لالو یادو کی ضمانت عرضی کو عدالت نے 27 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔ لالو یادو کو امید تھی کہ 6 نومبر کو ضمانت مل جاتی اور وہ جیل سے باہر آ جاتے۔ انھیں دیوگھر اور چائباسہ ٹریزری کیس میں پہلے سے ضمانت مل چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔