لوک سبھا کی استحقاق کمیٹی نے کانگریس کے 3 اراکین پارلیمنٹ کی معطلی واپس لینے کا کیا فیصلہ

18 دسمبر کو پارلیمنٹ میں غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنے کے الزام میں تینوں اراکین پارلیمنٹ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے معطل کر دیا تھا، لیکن اب استحقاق کمیٹی نے معطلی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

پارلیمنٹ کے گزشتہ سرمائی اجلاس میں کئی اراکین پارلیمنٹ کی معطلی کا پروانہ جاری کیا گیا تھا۔ بیشتر اراکین پارلیمنٹ کی معطلی سرمائی اجلاس تک کے لیے ہی تھی، اور کچھ معطل اراکین پارلیمنٹ کا معاملہ استحقاق کمیٹی پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ اب لوک سبھا کی استحقاق کمیٹی نے کانگریس کے تین لوک سبھا اراکین کی معطلی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تینوں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ آج کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

کانگریس کے جن تین لوک سبھا اراکین کی معطلی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کے نام عبدالخالق، ڈاکٹر کے جئے کمار اور وجئے کمار عرف وجئے بسنت ہیں۔ استحقاق کمیٹی نے تینوں کی معطلی واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ اسپیکر کو بھیجنے کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں اراکین پارلیمنٹ نے ایوان میں اپنے سلوک پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ آئندہ ایسا رویہ نہیں ہوگا۔


واضح رہے کہ 18 دسمبر کو پارلیمنٹ میں غیر اخلاقی رویہ کے الزام میں مذکورہ تینوں اراکین پارلیمنٹ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے معطل کر دیا تھا۔ سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے مجموعی طور پر 146 اراکین کو معطل کیا گیا تھا۔ ان میں سے 132 اجلاس ختم ہونے تک کے لیے معطل کیے گئے تھے، جبکہ لوک سبھا کے 3 اور راجیہ سبھا کے 11 اراکین کو استحقاق کمیٹی کی رپورٹ آنے تک کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ لوک سبھا کے 3 اراکین کی معطلی واپس لینے کا فیصلہ تو ہو چکا ہے، راجیہ سبھا کے 11 اراکین سے متعلق فیصلہ راجیہ سبھا کی استحقاق کمیٹی کی میٹنگ میں لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔