پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں پھر لگی آگ، عوام کی کوئی فکر نہیں

ہندوستان کی سرخیل آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 106.19 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.92 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

پٹرول ڈیزل / یو این آئی
پٹرول ڈیزل / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: گزشتہ شب خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں کچھ اعتدال دکھنے کے باوجود بدھ کے روز گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر آگ لگ گئی۔ بدھ کو دارالحکومت دہلی میں پٹرول اور ڈیزل ایک بار پھر 35-35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔ اس سے قبل اتوار کو ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے دن 35-35 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ آج کے اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں پٹرول 106.19 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.92 روپے فی لیٹر ہوگیا۔

ممبئی میں پٹرول 112.11 روپے اور ڈیزل 102.892 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پٹرول 114.81 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 104.15 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ پٹنہ میں پٹرول 109.64 روپے اور ڈیزل 101.50 روپے فی لیٹر، بنگلورو میں پٹرول 109.89 روپے اور ڈیزل 100.75 روپے فی لیٹر ہے۔ پٹرول کے ساتھ ساتھ ڈیزل نے بھی رانچی میں سنچری بنائی ہے۔ پٹرول کی قیمت 100.58 روپے اور ڈیزل کی قیمت 101.17 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ دہلی این سی آر کے نوئیڈا میں پٹرول 103.04 روپے اور ڈیزل 95.56 روپے فی لیٹر ہے۔


اس وقت ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکی ہے اور زیادہ تر شہروں میں ڈیزل بھی سنچری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کچھ شہروں میں ڈیزل 100 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس مہینے میں اب تک ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں 20 سے 15 دن اضافہ ہوا ہے۔ اس ماہ اب تک پٹرول 4.55 روپے اور ڈیزل 5.15 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل اب بھی اونچا رہا۔ منگل کے روز امریکی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ 0.75 ڈالر اضافے سے 85 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا۔ اسی طرح امریکی خام تیل بھی 0.52 ڈالر بڑھ کر 82.96 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ تاہم بدھ کو سنگاپور میں ابتدائی کاروبار میں خام تیل میں نرمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 0.40 ڈالرسے گھٹ کر 84.68 ڈالر فی بیرل اور امریکی خام تیل کی قیمت 0.30 ڈالر سے 82.66 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ پچھلے ہفتے میں بھی ان دونوں میں تقریباً تین فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔


ملک کی سرخیل آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 106.19 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.92 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ قابل ذکر ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ہر روز صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔