دہلی میں ڈیزل کی قیمت نے رقم کی تاریخ، پہلی بار 80 روپے فی لیٹر کے پار

قومی راجدھانی دہلی میں ڈیزل جمعرات کے روز تاریخ میں پہلی بار 80 روپے فی لیٹر کوپار کرگیا، جب کہ ایک دن کے وقفے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر مہنگائی کی مار جاری ہے۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیاں اس کے خلاف پرزور آواز اٹھا رہی ہیں لیکن مرکز کی مودی حکومت اس سلسلے میں کوئی بھی راحتی قدم اٹھانے سے دور بھاگ رہی ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ برھتی قیمتوں کے تعلق سے مرکزی وزراء نے بالکل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ بدھ کے روز مدھیہ پردیش میں کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ سمیت کئی سرکردہ کانگریس لیڈران و کارکنان نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور سائیکل مارچ بھی نکالا، لیکن ان کی بات پر غور کرنے کی جگہ دگ وجے سنگھ سمیت تقریباً 150 لوگوں کے خلاف کیس درج کر لیا گیا۔ اب تازہ ترین خبروں کے مطابق ملک میں لگاتار 19ویں دن ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں ڈیزل جمعرات کے روز تاریخ میں پہلی بار 80 روپے فی لیٹر کوپار کرگیا، جب کہ ایک دن کے وقفے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ گویا کہ پٹرول اور ڈیزل کی مہنگائی کا عمل رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق ، دہلی میں پٹرول کی قیمت 16 پیسے اضافے کے ساتھ 79.92 روپے فی لیٹر ہوگئی ، جو 28 اکتوبر 2018 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی دوران ڈیزل کی قیمت 14 پیسے اضافے کے ساتھ 80.02 روپے فی لیٹر ریکارڈ سطح پر آگئی۔ منگل کے روز سے ملک کی تاریخ میں پہلی بار ، کسی ریاست میں ڈیزل کی قیمت پٹرول سے زیادہ ہو گئی ہے۔


یہاں قابل غور ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں لگاتار 19ویں دن اضافہ ہوا ہے اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ گزشتہ 19 دنوں میں 18ویں دن ہے۔ صرف 24 جون کو پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 7 جون سے تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں نے دونوں حیاتیاتی ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کیا تھا۔ اس دوران دہلی میں پٹرول 8.66 روپے یعنی 12.15 فیصد مہنگا ہوگیا ہے۔ مسلسل 19 دنوں میں ، ڈیزل کی قیمت میں 10.63 روپے یعنی 15.32 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ کولکاتا اور ممبئی میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں 12 پیسے اضافے سے بالترتیب 81.61 روپے اور 86.70 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔ چنئی میں یہ 14 پیسے اضافے سے 83.18 روپے فی لیٹر پر آگیا۔ کولکاتا ، ممبئی اور چنئی میں ڈیزل 12 پیسے اضافے سے بالترتیب 75.18 روپے ، 78.34 روپے اور 77.29 روپے فی لیٹر ہوگیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔