حکومت کے سرکل ریٹ میں اضافہ کے فیصلے سے غریب اور متوسط طبقہ زیادہ متاثر ہوگا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’جہاں 2014 میں سرکل ریٹ میں 20 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا تھا، وہیں اس بار حکومت 10 سے 40 فیصد تک سرکل ریٹ بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔‘‘

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ دہلی میں جائیدادوں کے سرکل ریٹ میں اضافے کا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو دہلی میں جائیداد خریدنا مہنگا ہو جائے گا، کیونکہ خریدار کو زیادہ رقم کے ساتھ ٹیکس بھی زیادہ ادا کرنا پڑے گا۔ حکومت کے سرکل ریٹ میں اضافے کے فیصلے سے غریب اور متوسط طبقہ زیادہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آخری بار صدر راج کے دوران سرکل ریٹ 2014 میں بی جے پی کی مرکزی حکومت کے اشارے پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے بڑھایا تھا۔ ایک بار پھر بی جے پی سرکل ریٹ میں اضافہ کر دہلی کے لوگوں پر معاشی بوجھ ڈالنے کی تیاری کر رہی ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی ریکھا حکومت کے ذریعہ جائیداد کی تشخیص کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کو دہلی کے آر ڈبلیو اے تنظیموں اور دہلی کے عوام سے مشورہ لے کر سرکل ریٹ بڑھانے اور کم کرنے پر فیصلہ لینا چاہیے تاکہ عوام کے مفادات کا خیال رکھا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکل ریٹ میں اضافے سے قبل دہلی کے لوگوں کی سہولیات پر توجہ دینی چاہیے۔ ایک دو کیٹیگری سے نیچے کے زمروں میں آنے والے علاقوں میں بنیادی سہولیات، گلیوں، سڑکوں کی مرمت، صفائی کے نظام، آبی جماؤ جیسے مسائل سے دہلی والے نبرد آزما ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جہاں 2014 میں سرکل ریٹ میں 20 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا تھا، وہیں اس بار حکومت 10 سے 40 فیصد تک سرکل ریٹ بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔
کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ 2014 میں بڑھائے گئے سرکل ریٹ کے مطابق اے زمرہ کا سرکل ریٹ 774000 روپے فی مربع میٹر، بی زمرے کا 245520 روپے فی مربع میٹر، سی زمرے کا 159840 روپے فی مربع میٹر، ڈی زمرے کا 127680 روپے فی مربع میٹر، ای زمرے کا 70080 روپے فی مربع میٹر، ایف زمرے کا 56640 روپے فی مربع میٹر، جی زمرے کا 46200 روپے فی مربع میٹر اور ایچ زمرے کا 23280 روپے فی مربع میٹر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح دہلی میں زرعی زمین کے سرکل ریٹ میں بھی 2008 کے بعد اب زیادہ اضافے کی تجویز ہے، جبکہ موجودہ وقت میں ریٹ 53 لاکھ روپے فی ایکڑ ہے۔ اگر حکومت کی تجویز کو منظوری ملتی ہے تو یہ 2.25 کروڑ روپے فی ایکڑ سے 5 کروڑ روپے فی ایکڑ تک ہو سکتے ہیں جو کسانوں کے لیے بہت بڑا دھچکا ہوگا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ جائیداد پر ملنے والے سرکل ریٹ کی 20 فیصد چھوٹ کو ختم کر کے عام آدمی پارٹی نے عوام کے مفاد کے خلاف فیصلہ لیا تھا۔ اب بی جے پی سرکل ریٹ میں 40 فیصد تک کے اضافے کے لیے کمیٹی تشکیل دے کر دہلی کے غریب اور متوسط طبقہ کی کمر توڑنے جا رہی ہے۔ دہلی حکومت کے فیصلے کے بعد لوگ رجسٹری کے مقام پر ایگریمنٹ ٹو سیل اور پاور آف اٹارنی کی جانب دیکھیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ بے قابو مہنگائی کی مار پہلے ہی جھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے متوسط طبقہ، نچلا طبقہ اور غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے لیے زندگی چلانا مشکل ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کو سرکل ریٹ مستحکم رکھنے کے فیصلے کے ساتھ اس پر چھوٹ دینے پر غور کر کے دہلی کے عوام کو مہنگائی اور کساد بازاری کے دور میں عوام کو راحت دینی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔