تہوار کے موسم میں کورونا کے نئے ویرینٹ کا پھیلاؤ، کئی ریاستوں میں ظاہر ہوئی مہلک قسم

مہاراشٹر میں اب تک ’ایکس بی بی‘ ویرینٹ کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ اومیکرون کا ایک اور سب ویرینٹ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کورونا کے اس نئے ویرینٹ کے کیسز یکم سے 15 اکتوبر کے درمیان پائے گئے ہیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ملک میں تہواروں کے سیزن کے دوران کورونا کے نئے ویرینٹ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ نئے ’ایکس بی بی‘ ویرینٹ کا پھیلاؤ آہستہ آہستہ ہو رہا ہے، لہذا سبھی کو محتاط رہنا چاہئے۔ یہ ویرینٹ مہاراشٹر کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ریاست میں اب تک ایکس بی بی ویرینٹ کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ اومیکرون کا ایک اور ذیلی ویرینٹ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کورونا کی اس نئی قسم کے کیسز یکم سے 15 اکتوبر کے درمیان پائے گئے ہیں۔

مہاراشٹر حکومت نے کورونا کے نئے ویرینٹ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے بارے میں الرٹ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بی ایم سی کی طرف سے بھی ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی ہدایت شامل ہے۔ بی ایم سی نے کہا کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ کورونا کے کیسز بڑھنے سے خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، خاص طور پر بھیڑ والے علاقوں میں زیادہ خطرہ ہے۔


کورونا وائرس کا ایکس بی بی ویرینٹ انتہائی متعدی ہے۔ نیا سب ویرینٹ اومیکرون کے دیگر سب ویرینٹ مثلاً بی اے.2.75 کے مقابلہ زیادہ متعدی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس قسم میں قوت مدافعت کو چکما دینے کی صلاحیت بھی ہے۔ ایسے میں لوگوں کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ ہندووں کے اہم تہوار دیوالی کا موسم ہے اور لوگ بڑی تعداد میں بازاروں میں خریداری کے لیے نکل رہے ہیں۔ ایسی صورت حال میں کورونا کے اصولوں پر عمل کرنے، عوامی یا بھیڑ والے مقامات پر ماسک پہننے، ٹیکے لگوانے، گھر کے اندر اچھی وینٹیلیشن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔


بار بار ہاتھ دھوئیں، علامات والے مریضوں سے رابطے سے گریز کریں، چھینکتے وقت رومال کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروائیں، جس کے پازیٹو پائے جانے پر مناسب علاج کروائیں، تاکہ دوسرے شہریوں کے مفاد میں کورونا کی زنجیر کو توڑا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔