حزب اختلاف نے کانگریس لیڈر مارگریٹ الوا کو بنایا نائب صدر عہدے کی امیدوار

حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے کانگریس لیڈر مارگریٹ الوا کو ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے کے لیے امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے ان کے نام کا اعلان کیا

مارگریٹ الوا / سوشل میڈیا
مارگریٹ الوا / سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: حزب اختلاف کی جانب سے اتوار کے روز ہندوستان کے نائب صدر عہدے کے امیدوار کا اعلان کر دیا گیا۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے اعلان کیا ہے کہ کانگریس لیڈر مارگریٹ الوا کو اپوزیشن کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ قبل ازیں، دہلی میں این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش پر حزب اختلاف کی جماعتوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے، سی پی آئی ایم کے لیڈر سیتا رام یچوری، شیو سینا کے لیڈر سنجے راؤت سمیت دیگر اپوزیشن لیڈران موجود رہے۔

اجلاس کے دوران نائب صدر عہدے کے انتخاب اور پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران این سی پی صدر شرد پوار نے نائب صدر کے عہدے کے لئے حزب اخلاف کی مشترکہ امیدوار کے طور پر کانگریس لیڈر مارگریٹ الوا کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 17 جماعتوں نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیا ہے۔


حزب اختلاف کی جماعتوں کے اجلاس کے بعد شرد پوار نے کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے کانگریس لیڈر مارگریٹ الوا نائب صدر عہدے کی امیدوار ہوں گی۔ وہ 19 تاریخ کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔ رپورٹ کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ اجلاس کے لئے ٹی ایم سی کی سربراہ اور بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے رابطہ نہیں ہو پایا ہے، لہذا 17 جماعتوں میں ٹی ایم سی شامل نہیں ہے۔

شرد پوار نے کہا ’’ہم ممتا بنرجی اور اروند کیجرویال سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہمارے صدارتی انتخاب کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو حمایت دی ہے۔‘‘ شیو سینا نے نائب صدر عہدے کے انتخاب میں حزب اختلاف کے ساتھ رہنے کا فیصلہ لیا ہے۔ صدارتی انتخاب میں شیو سینا نے این ڈی اے کی امیدوار دروپدی مرمو کو حمایت کی ہے۔


کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے بتایا کہ مارگریٹ الوا نے کانگریس سے استعفی دے دیا ہے اور وہ آزاد امیدوار کے طور پر حزب اخلاف کی مشترکہ امیدوار ہوں گی، وہ آج رات دہلی پہنچیں گی۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ الوا تجربہ کار تو ہیں ہی ساتھ ان کا تعلق اقلیتی طبقہ سے ہے، وہ کل حزب اختلاف کے لیڈران سے ملاقات کریں گی۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکڑ کو نائب صدر عہدے کے لئے این ڈی اے کا امیدوار بنایا ہےل بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد جگدیپ دھنکڑ کے نام کا اعلان کیا تھا۔ نائب صدر کا انتخاب 6 اگست کو ہوگا اور 19 جولائی کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ موجودہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی مدت کار 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔