ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں کی تعداد 45 دنوں میں سب سے کم 1.73 لاکھ، 3617 افراد فوت

نئے کیسز کے بعد ملک میں انفیکشن کے معاملات کی مجموعی تعداد 2.77 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 322512 افراد کورونا کے سبب جان گنوا چکے ہیں

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملات میں کمی واقع ہوئی ہے اور ہفتے کے روز ایک بار پھر 2 لاکھ سے بھی کم نئے کیسز درج کیے گئے۔ کورونا کے نئے کیسز کی تعداد گزشتہ 45 دنوں میں سب سے کم ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 173790 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، یہ تعداد 13 اپریل کے بعد سب سے کم ہے۔ 13 اپریل کو 161736 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ وہیں، 24 گھنٹوں کے دوران 3617 مریض اس وبا کے سبب ہلاک ہو گئے۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 2.77 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 322512 افراد کورونا کے سبب جان گنوا چکے ہیں۔ فی الحال پازیٹوٹی ریٹ 8.36 فیصد ہے، یہ لگاتار پانچویں دن 10 فیصد سے نیچے ہے۔


یہ لگاتار سولہواں روز ہے جب ہندوستان میں کورونا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد نئے کیسوں سے کہیں زیادہ ہے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 284601 مریض اس انفیکشن کو مات دینے میں کامیاب رہے۔ اس وقت ملک میں 2228724 کیسز فعال ہیں۔

ملک میں ٹیکہ کاری مہم بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3062747 خوراکیں فراہم کر دی گئیں، جبکہ اب تک 20 کروڑ (208902445) خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2080048 لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */