ایچ ڈی ایف سی بینک پر 10 کروڑ کا جرمانہ! بینکنگ اصولوں کی خلاف ورزی پر آر بی آئی کی کارروائی

ریزرو بینک آف انڈیا نے نجی شعبہ کے بینک ایچ ڈی ایف سی پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اس پر 10 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے، بینک پر اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے

ایچ ڈی ایف سی بینک / آئی اے این ایس
ایچ ڈی ایف سی بینک / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کے سب سے بڑے پرائیویٹ بینک ایف ڈی ایف سی پر 10 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بینکنگ اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جمعہ کے روز یہ حکم جاری کیا۔

مرکزی بینک کو ایچ ڈی ایف سی بینک کے کار، آٹو لون کے عمل میں متعدد بے ضابطگیاں ملی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک شخص نے آر بی آئی سے شکایت کی تھی۔ مرکزی بینک نے اس معاملے میں ایچ ڈی ایف سی بینک کے صارفین کو تھرڈ پارٹی غیر مالیاتی مصنوعات کی فروخت کرنے اور مارکیٹنگ کرنے کے دستاویزات کی تحقیقات کیں، جس کے بعد بینکاری کے ضوابط کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا۔


ریزرو بینک نے اپنی تفتیش میں یہ پایا کہ یہ معاملہ بینکنگ ریگولیشن ایکٹ 1949 کی دفعہ 8 اور دفعہ 6 (2) کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے بعد آر بی آئی نے ایچ ڈی ایف سی بینک کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کر کے پوچھا تھا کہ اس پر جرمانہ کیوں نہیں عائد کیا جائے؟

اس معاملے میں آر بی آئی نے سماعت کے دوران ایچ ڈی ایف سی بینک کے نوٹس پر جواب اور بیان پر غور کیا۔ بینک کی فراہم کردہ وضاحتوں اور دستاویزات پر بھی غور کیا گیا مگر اس سب سے آر بی آئی مطمئن نہیں ہوا اور اس نے ایچ ڈی ایف سی بینک پر 10 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔


خیال رہے کہ ایچ ڈی ایف سی بینک ملک کا سب سے بڑا نجی بینک ہے اور اس کا صدر دفتر مہاراشٹر کے ممبئی میں واقع ہے۔ اسٹاک مارکٹ میں یہ بی ایس ای سینسیکس کی 30 کمپنیوں میں شامل ہے۔ وہیں، اس کے ملازمین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ہے اور اس کی 5500 کے قریب شاخیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔